وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ میں 5 ماہ بعد ایپکس کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔ اجلاس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورت حال سمیت دیگر اہم مسائل پر غور ہوگا۔
ایپکس کمیٹی کا اجلاس وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری، آئی جی سندھ، کور کمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل ندیم احمد انجم، ڈی جی رینجرز عمر احمد بخاری بھی شریک ہیں۔
سندھ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورت حال اور نیشنل ایکشن پلان پر حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ اجلاس میں اسٹریٹ کرائم کی صورت حال پر بھی غور ہوگا۔
حکام کی جانب سے اجلاس کے شرکا کو جیل اصلاحات، سیف سٹی پراجیکٹ پر بریفنگ بھی دی جائے گی، جب کہ شہر میں مقیم غیر ملکیوں کی سیکیورٹی کی حکمت عملی بھی بات چیت کی جائے گی۔ آج ہونے والے اجلاس میں گزشتہ اجلاس کے فيصلوں پر عمل درآمد کا بھی جائزہ ليا جائے گا۔
آج ہونے والے اجلاس میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافے، دہشت گرد گروپس کو غیر ملکی فنڈنگ اور تخریب کاری کے بڑھتے واقعات پر بھی غور ہوگا۔ واضح رہے کہ ایپکس کمیٹی کا اجلاس تقریبا 5 ماہ بعد ہو رہا ہے۔ اس سے قبل آخری اجلاس اگست میں ہوا تھا۔