لاہور ( سپورٹس ڈیسک )ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ کا آخری اوور تاریخی ہوگیا۔اوول بارباڈوس میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو ایک رن سے ہرایا۔انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان 171 رنز بنائے۔جواب میں ویسٹ انڈیز کا آغاز اچھا نہ تھا، ویسٹ انڈیز کے 8 کھلاڑی 15 اوورز میں 91 رنز پر ڈھیر ہوچکے تھے۔ ویسٹ انڈیز کو فتح کے لئے 6 بالز پر 30 رنز درکار تھے ۔ثاقب محمود نے آخری اوور کا آغاز وائیڈ بال سے کیا، روماریو شیفرڈ نے مسلسل دو گیندوں پر 2 چوکے رسید کردئیے، تیسری بال پر ایک رنز بنا اور اسٹرائیکر اینڈ پر عقیل حیسن آگئے۔ویسٹ انڈیز کو 3 بالز پر 20 رنز درکار تھے، ثاقب محمود کی جانب سے کرائی گئی چوتھی بال وائیڈ ہوگئی، پھر عقیل حسین نے مسلسل 3 گیندوں پر 3 چھکے رسید کردئیے مگرسکور بورڈ پر ایک رنز کم تھا جس کی بدولت انگلینڈ فتح یاب ہوگیا۔