لاہور (خصوصی نامہ نگار)شعورفائونڈیشن اور دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے اشتراک سے دوروزہ تربیتی ورکشاپ بعنوان ’’ منطقی وتنقیدی سوچ ‘‘ کا انعقاد کیا گیا ، ورکشاپ میں 100سے زائد طلبا وطالبات نے حصہ لیا ۔ ورکشاپ کابنیادی مقصدطلبا میں منطقی سوچ کی اہمیت کو اجاگر کرناہے ۔ شرکاء ورکشاپ کو مختلف سیشن کے دوران منطقی سوچ کے فروغ کیلئے مختلف سرگرمیاں اورلیکچرز دیئے گئے ۔طالبات کو فائزہ میر جبکہ طلبا کو تفہیم پراجیکٹ شعور فائونڈیشن منیجر مسڑسمیع خان نے تربیتی لیکچرز دیئے۔تمام شرکاء نے ورکشاپ میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیااور شعور فائونڈیشن کی تعلیمی وفلاحی کو ششوں کو سراہا۔ دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے سربراہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ پرامن اور مستحکم معاشرے کے قیام کیلئے ہمیں طلبا میں وسیع النظراوراعتدال پسندانہ رویوںجیسے اوصاف پیدا کرناہوں گے۔ سیکھنے کی جستجو کبھی ختم نہیں ہونی چاہئے ۔ کسی دوسرے فریق یا جماعت سے اختلاف نظریے اور دلیل کی بنیاد پر ہونا چاہئے۔ مثبت تنقیدی سوچ مسلم سوچ اورعلمی حلقوںکی روایت تھی جو کہ اب ختم ہورہی ہے۔ ہمیں دوبارہ اس روایت کوزندہ کرنا ہوگا۔ ورکشاپ میں سمیع خان،محمدنعیم،صاحبزادہ محمدعبداللہ حسن، پروفیسرعامر حسین قریشی ،پروفیسر شعیب رضا، خواتین رہنماماہ رخ ،فائزہ میر سمیت مختلف ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میںسر ٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے اورملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعاکرائی گئی۔
طلبا میں وسیع النظر،اعتدال پسندانہ اوصاف پیدا کرناہونگے:راغب نعیمی
Jan 25, 2022