پی این اے سی سے غیر منظور 13 لیبارٹریز اشیا ء کی تصدیق میں مصروف

Jan 25, 2022

 اسلام آباد ( کامرس رپورٹر)پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کی 13 لیبارٹریز ملک بھر میں خوردنی اور غیر خوردنی اشیاء کی تصدیق کر رہی ہیں۔جبکہ پاکستان نیشنل ایکریڈی ایشن کونسل (پی این اے سی) کے مطابق کراچی میں 9 اور لاہور میں 4 لیبز کو غیر منظور شدہ قرار دیا جا چکاہے۔ تمام لیبز کے نام ختم شدہ معیاد کی تاریخ کے ہمراہ ہیں۔7 لیبز کا لائسنس اکتوبر 2021 ء کو ختم ہوا لیکن پی ایس کیو سی اے اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے مذکورہ لیبز کے تصدیق کے حوالے کوئی حکمت عملی پیش نہیں کی گئی، جس کے باعث پی این اے سی نے  مذکورہ لیب کو کام کے لیے نا اہل قرار دے دیا ہے۔ اس ضمن میںپی ایس کیو سی اے کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ عدم تعمیل کے باعث ان لیبز کی منظوری معطل ہوچکی ۔جس کے باعث متعلق متعدد مسائل کا سامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں 4 اور لاہور میں 2 لیبز کیلئے جلد لائسنس لیا جائے گا اور پی این اے سی کے معیار کے مطابق ان لیبز کی تزئین و آرائش بھی کی جائے گی۔پی ایس کیو سی اے ملک میں اشیاء کے معیار کی جانچ پڑتال کا اہم ادارہ ہے، جس کی لیبز صنعتی مصنوعات کیساتھ ساتھ خوردنی اشیاء کا معیار برقرار رکھنے کی بھی ذمہ دار ہیں۔ملک میں اشیا ء کا معیار پر پورا اترنا لازم ہے، جس کا سرٹیفیکیٹ پی ایس کیو سی اے جاری کرتا ہے، ان میں خوردنی تیل، گھی، بیسکٹس اور مشروبات سمیت 38 خوردنی اشیا ء بھی شامل ہیں۔

مزیدخبریں