اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ریٹرنز اینڈ ریڈمشن معاہدے سے متعلق وزارت داخلہ میں خصوصی اجلاس وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی زیر صدارت ہوا جس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے شرکت کی جبکہ وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر نے بذریعہ ویڈیو کانفرنس شرکت کی۔ تاہم وفاقی سیکرٹری وزارت قانون، جوائنٹ سیکرٹری داخلہ سمیت دیگر اعلی حکام اجلاس میں شریک تھے۔ کمیٹی نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ریٹرنز اینڈ ریڈمشن معاہدے کے حوالے سے سفارشات کو حتمی شکل دے دی۔ کمیٹی نے معاہدے کے مسودے کو مشاورت کیلئے برطانوی حکومت کیساتھ شیئر کرنے کا فیصلہ کیا۔ معاہدے سے صرف ایسے شہریوں کو واپس لانے کی اجازت ہوگی جن کو متعلقہ عدالتیں سزائیں سنا چکی ہونگی۔ برطانیہ سے مشاورت کے بعد معاہدے کو وفاقی کابینہ سے حتمی منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔ کابینہ کمیٹی نے پاک برطانیہ مجرمان حوالگی کے معاہدہ کو بھی جلد مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مجرمان حوالگی معاہدہ طے پانے سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سزا یافتہ افراد کی حوالگی ممکن ہوسکے گی۔
برطانیہ سے شہریوں کی حوالگی ، پاکستان نے معاہدہ کی سفارشات کو حتمی شکل دیدی
Jan 25, 2022