شاہین آفریدی گیری سوبرز ایواڈ جیتنے والے پہلے قومی کرکٹر ، بابر اعظم آئی سی سی پلیئر آف ائیر 

اسلام آباد+لاہور (خبر نگار خصوصی+ سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی نے آئی سی سی کرکٹرز آف دی ایئر کے ایوارڈز جیت لئے۔ اس کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی سر گارفیلڈ سوبرز ایوارڈ جیتنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق بابر اعظم نے ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی جیت لیا۔ اس ایوارڈ کیلئے شکیب الحسن، جنیمن مالان اور پال سٹرلنگ بھی نامزد ہوئے تھے۔ بابر اعظم نے گزشتہ سال 6 میچز میں 67.50 کی اوسط سے405 رنز بنائے، دو سنچریز بھی شامل تھیں۔ دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی کو بھی آئی سی سی کرکٹر آف دی ائیر کا ایوارڈ مل گیا۔ انہوں نے 36 میچوں میں 78 شکار کئے۔ ان کی بہترین انفرادی بولنگ 51 رنز کے بدلے 6 وکٹ تھیں۔ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شاہین شاہ آفریدی نے شاندار پرفارمنس دکھائی، بالخصوص بھارت کے خلاف میچ میں ان کی بولنگ یادگار رہی۔ اس کے ساتھ ہی شاہین شاہ آفریدی آئی سی سی کی جانب سے سر گارفیلڈ سوبرز ایوارڈ جیتنے والے پہلے پاکستانی کرکٹر بھی بن گئے۔ اس حوالے سے آئی سی سی نے اپنے ٹویٹ میں شاہین شاہ آفریدی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں سال 2021ء کا ’’اَن اسٹویبل‘‘ کرکٹر قرار دیا۔عمران خان نے ٹویٹ میں قومی کرکٹرز کو آئی سی سی ایوارڈز جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔

ای پیپر دی نیشن