لاہور (نامہ نگار) لاہور پریس کلب کے سامنے سینئر صحافی حسنین شاہ کو دن دیہاڑے موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے قتل کردیا اور فرار ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مقامی ٹی وی چینل کے سینئر کرائم رپورٹر 38سالہ حسنین شاہ ڈیوس روڈ پر اپنے دفتر سے کار پر نکلے اور وہ پریس کلب آرہے تھے کہ کلب کے سامنے گھات لگائے بیٹھے موٹر سائیکل سوار دو حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر ڈرائیونگ سائیڈکے شیشے کے جانب سے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ جس کی زد میں آکر سینئرصحافی حسنین شاہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ان کو 10گولیاں ماری گئیں۔ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ پولیس نے فرانزک ٹیم کی مدد سے موقع سے شواہد اکٹھے کئے۔ نامعلوم حملہ آوروں نے اپنے چہرے پر ماسک پہنے ہوئے تھے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شہزادہ سلطان اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ علاوہ ازیں سی سی پی او فیاض احمد دیو نے واقہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ علاوہ ازیں دن دیہاڑے لاہور پریس کلب کے سامنے سینئر صحافی حسنین شاہ کے قتل کے واقعہ پر صحافیوں کی بڑی تعداد نے لاہور پریس کلب کے سامنے شدید احتجاج اور نعرے بازی کی ہے اور ملزمان کی فی الفور گرفتاری اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔ کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن لاہور (کرال)کے صدر میاں رؤف، جنرل سیکرٹری احسان شوکت، امداد بھٹی، شاہد رضوی اور دیگر عہدیداروں نے اس واقعہ پر انتہائی غم وغصے کا اظہارکرتے ہوئے جلد ازجلد ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور پریس کلب کے باہر نجی ٹی وی کے صحافی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور قتل میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مقتول حسنین شاہ کے لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔ دریں اثناء پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں صحافی حسنین شاہ کے قتل کی مذمت کی ہے اور ان کے لواحقین سے افسوس کا اظہارکیا ہے۔ مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت لاہور پریس کلب کے رکن حسنین شاہ کے قتل کی فی الفور انکوائری کرکے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچائے۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضی نے کہا ہے کہ صحافی حسنین شاہ کا دن دیہاڑے قتل بزدار حکومت کی بیڈ گورننس کا ثبوت ہے۔ڈیوس روڈ پر شوٹرز کے فرار ہونے کی فوٹیج سامنے آئی ہے۔ موٹر سائیکل سوار حملہ آور ایمپریس روڈ کی جانب فرار ہوئے۔مریم نواز نے ٹویٹ میں صحافی حسنین شاہ کے قتل پر اظہار افسوس کیا ہے۔