حکمرانوں کے جانے ، نواز شریف آنے کا وقت ہوا چاہتا ہے ، تقریر سے اشارہ مل گیا : ن لیگ 

Jan 25, 2022

اسلام آباد(خبر نگار)مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آج بھی پاکستان کی سیاست کا محور میاں محمدنواز شریف اورمیاں محمد شہباز شریف ہیں ،نواز شریف تب پاکستان آئیں گے جب ان کی مرضی ہوگی، جب ن لیگ کا فیصلہ ہوگا،  وزیراعظم کی تقریر نے اشارہ دیدیا ہے کہ عمران خان کے جانے اور نواز شریف کے آنے کا وقت ہوا چاہتا ہے ہم امپائر کی انگلی کے اشارے کی بات نہیں کرتے، ہم نے محنت سے اس ملک کو ترقی دی، عوام کو خوشحالی دی ہم ہر آئینی و پارلیمانی طریقہ استعمال کرکے اس کو گھر بھیجیں گے، تیاری مکمل ہے ۔مسلم لیگ ن سیکرٹریٹ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک کے مسلط وزیراعظم عوام سے جس طرح مخاطب ہوئے ان کی ذہنی توازن کی شدت مزید بڑھ گئی ہے کیا یہ شخص اب برسر اقتدار رہنے کے قابل ہے جو عوام، ریاست اور پارلیمان کو دھمکی دیتا ہے، عمران نیازی کی تقریر ایک نااہل، چور اور اقتدار کے ہوس میں مبتلا شخص کی تقریر تھی، اب اسے معلوم ہوچکا ہے کہ وہ اب گھر جارہا ہے، ساڑھے تین سال حکمرانی کے بعد بھی کہتا ہے اب میں چھوڑوں گا نہیں، اب خدا کا واسطہ ہے اس قوم کی جان چھوڑ دیں،آپ نے ساڑھے تین ارب کا ڈاکہ ڈالا اب وہ خوف کا شکار ہے آپ کو آر ٹی ایس کو بٹھا کر اور بیساکھیوں کے سہارے لایا گیا، اب یہ پول وہ خود کھول رہے ہیں، جو منتخب ہوکر آتے ہیں وہ دھمکاتے نہیں، عوام کے پاس جاتے ہیں ، آپ اس کرسی کی تضحیک کررہے ہیں، آپ نے عوام کو بے روزگار، ملک کو کنگال اور معیشت کو تباہ کردیا ہے، آپ کو خوف اس لئے ہے کہ آپ نااہل ہیں، آپ چور ہیں، عدالتوں سے فیصلے لے کر ن لیگی قیادت و کارکن سرخرو ہوئے ہیں۔ آپ نے جو الزام اپوزیشن پر لگائے ان جرموں کے مجرم آپ خود ہیں آپ کس کو دھمکا رہے ہیں؟  جب آپ اخلاقیات کا جنازہ نکال رہے تھے ،اس وقت نواز شریف، شہباز شریف موٹروے، بجلی بنارہے تھے، دہشت گردی ختم کررہے تھے آپ جس شہباز شریف کو الزام لگا رہے ہیں، آپ دھمکیاں مت دیں، اب آپ عوام میں آئیں، عوام کا ہاتھ ہوگا، آپ کا گریبان ہوگا۔آپ کو بے گناہ لوگوں کو سزائے موت کی چکیوں میں ڈالنے کا حساب دینا ہوگا، بلین ٹری سونامی کرپشن، کوویڈ فنڈ کرپشن، غیر قانونی فارن فنڈنگ والا، یوریا بھاری قیمت پر بیچنے والا، توشہ خانہ اور رنگ روڈ پر پیسہ کھانے والا آپ جیسا ہوتا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف علاج کے لئے گئے، اس حکومت نے میڈیکل رپورٹ دی تھی کہ ہمارے پاس نواز شریف کی بیماری کا علاج نہیں ہے، ان کی وزارت داخلہ نے سرٹیفکیٹ دیا تھا کہ وہ علاج کرانے جائیں ،میاں نواز شریف باہر بیٹھ کر بھی پاکستان سیاست کا محور ہیں،باہر بیٹھے نواز شریف سے یہ حکمران خوفزدہ ہیں۔

مزیدخبریں