لاہور‘ سیالکوٹ (نیوز رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو پولیس کے دستے نے سلامی پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے سنٹرل پولیس آفس کے لان میں پودا لگایا۔ وزیراعلیٰ نے پولیس میوزیم کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے برٹش دور کے ہتھیاروں اور پولیس وردیوں کا بھی مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سنٹرل پولیس آفس میں سینئر پولیس افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو کام کرنے کی پوری آزادی دی ہے اور پولیس کو سیاسی دباؤ سے مکمل آزاد کیا ہے۔ جس کے اچھے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ پولیس میں میرٹ پر تعیناتیاں کی ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پولیس افسران کو باقاعدگی سے کھلی کچہریاں لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران عوام اور سب سے بڑھ کر اللہ تعالیٰ کو بھی جواب دہ ہیں۔ ہر مظلوم شخص کی فوری دادرسی آپ کا فرض اولین ہے۔ پولیس افسران اپنے دفاتر کے دروازے عوام کیلئے کھلے رکھیں۔ ڈی پی اوز اور آر پی اوز تھانوں کے سرپرائز وزٹ کریں اور کسی بھی بے ضابطگی یاقانون کی خلاف ورزی پر کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ انارکلی دھماکے کے ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پولیس شہداء کے خاندانوں کے 2 افراد کو ملازمت دینے کی اصولی منظوری کا اعلان کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کا دائرہ کار پنجاب بھر میں بڑھایا جائے گا۔ سیف سٹی اتھارٹی میں بھرتیوں کی منظوری دے دی ہے۔ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں بلوچ لیوی کی کمانڈ پولیس کے حوالے سے کردی ہے اور پولیس کے 9 ہزار سے زائد اہلکاروں کو پروموٹ کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ انسپکٹر سے ڈی ایس پی اور ڈی ایس پی سے ایس پی کے عہدوں پر افسران کی ترقی کے کیس جلد نمٹائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے پولیس افسران کو ایگزیکٹو الاؤنس دیا ہے اور منجمد الاؤنس کو بحال کرکے اس میں اضافہ بھی کیا ہے۔304 تھانوں کو سپیشل انیشیئٹو پولیس سٹیشن کا درجہ دیا جا رہا ہے جبکہ 90 تھانے سپیشل انیشیئٹوپولیس سٹیشن میں تبدیل کئے گئے ہیں۔ پنجاب پولیس کی 12278 آسامیوں پر بھرتی کی جا رہی ہے۔ ساہیوال، سرگو دھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ڈی جی خان میں پولیس ٹریننگ سکول کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ 64 کنال پر چنیوٹ پولیس لائنز کی تعمیر اسی سال مکمل ہو گی۔ اینٹی رائٹ فورس سمیت تمام شعبوں کے افسرو ں اور اہلکاروں کی ٹریننگ کیلئے سکول آف پبلک آرڈر قائم کیا جائے گا۔ جنوبی پنجاب میں ضلعی ہیڈ کوار ٹر میں فرانزک لیب کے کولیکشن سینٹر بنیں گے۔وفاقی حکومت کے اشتراک سے سیالکوٹ موٹر وے جیسے واقعات کے تدارک کے لیے نئی ہیلپ لائن پہل 911 (PEHEL 911) بنائی جا رہی ہے۔ انوسٹی گیشن اورکیس کے فالو اپ کو موثر اوربہترین بنایا جائے تاکہ ظالم کو سزا ملے اورمظلوم کو انصاف۔ محکمہ پولیس میں بھی محکمہ تعلیم کی طرح ای ٹرانسفر اورای پنشن کا نظام رائج کیا جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں میں انعامات تقسیم کئے۔ سانحہ سیالکوٹ میں فرض شاسی کے ساتھ فرائض ادا کرنے اور 86 مرکزی ملزمان کو گرفتار کرنے پر آر پی او گوجرانوالہ عمران احمر، ڈی پی او سیالکوٹ عمر سعید ملک، ایس ڈی پی او صدر سیالکوٹ کو تعریفی اسناد دی گئیں جبکہ ایس ایچ او تھانہ اگوکی اور وارڈن سیالکوٹ پولیس کو فی کس 50 ہزار کیش اور سر ٹیفکیٹ دئیے گئے۔ علاوہ ازیں سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں آف گرڈ سلوشن منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں دوردراز علاقوں میں بجلی کی فراہمی کیلئے ونڈ اینڈ سولر ہائی برڈ پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ انرجی کے حصول کیلئے شمسی توانائی،ونڈ پاوراوربائیو گیس انرجی کے سستے ذرائع اپناناضروری ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ نے سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کے والد سینئر سیاستدان ملک غلام نور ربانی کھر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
پولیس کو سیاسی دباؤ سے آزاد کیا ، عثمان بزدار
Jan 25, 2022