چادر وچار دیواری کا تقدس پامال  کرنے پرخاموش نہیں رہیں گے، آفاق احمد

Jan 25, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کے چیئر مین آفاق احمد نے اپنی رہائشگا ہ پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ٹنڈو الہیار میں مہاجر نوجوان کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتا ہوں، ہماری ماؤں بہنوں اور بیٹوں کو سند ھ پولیس کی جانب سے جس طرح ظلم و ستم کا نشانہ بنایا گیا، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا یہ ناقابل قبول ہے، ۔ آفاق احمد نے کہا کہ سندھی رہنما بشیر قریشی کا مہاجر نوجوان کے قتل میں ملو ث قاتل کو ہسپتال میں پھولوں کے گلدستے پیش کرنا اور مسکراتے ہوئے سر پر ہاتھ پھیرنا دراصل ہمارے زخموں پر نمک پاشی  ہے، میں اور مہاجر قوم اس وحشیانہ سلوک کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی، مہاجر قوم کا ہر بیٹا میرا بیٹاہے، مہاجر قوم کی ہر بیٹی میری بیٹی ہے اور ہم اپنے بیٹے بیٹیوں کے تحفظ کی خاطرکسی بھی اقدام سے گریز نہیں کریں گے۔دریں اثنا چیئرمین آفاق احمد نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ میری حیدر آباد جلسے کی تقریر اصل سیاق و سباق سے ہٹ کر صرف اس بات کو شامل گفتگو کیا گیا کہ جس کا معنی انہوں نے خود تراشے ہوئے تھے۔ ہم  شہر کے یا صوبے کے حالات خراب کرنا نہیں چاہتے لیکن ان خراب حالات کی ذمہ داری بھی ہم پر عائد نہ کی جائے، ہمیں کمزور نہ سمجھا جائے، ہم اپنی قوم اور اپنے لوگوں کا تحفظ کرنا بخوبی جانتے ہیں۔

مزیدخبریں