چکوال، لاوہ، تلہ گنگ ( نامہ نگار ) تھانہ ٹمن پولیس کے گائوں میال میں گذشتہ رات قتل ہونے والے نوجوان شاکر حسین کے لواحقین نے مقتول کی میت سڑک پر رکھ کر تلہ گنگ میانوالی روڈ بلاک کر دی اور مطالبہ کیا کہ نامزد ملزم کی گرفتاری تک سڑک پر دھرنا جاری رکھیں گے روڈ بلاک کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقتول کے لواحقین سے مذاکرات شروع کر دئے مقتول شاکر حسین ولد نور حسین زرگر ساکن میال کے چچا نے پولیس کو بتایا کہ شاکر حسین کے گھر کی دیوار پھلانگ کر رات کو ملزم قیصر ولد فضل دین ساکن ڈھوک سگھرال داخلی ڈھرنال اندر آ گیا ہم گھر میں سو رہے تھے فائرنگ کی آواز سن کر باہر نکلے تو ملزم قیصر ہمارے صحن میں موجود تھا اس کے ہاتھ میں پستول تھا شوکت حسین زخمی حالت میں پڑا تھا ،جسے ہسپتال پہنچایا گیا لیکن جان بر نہیں ہو سکا مقتول کے لواحقین نے نامزد ملزم کی گرفتاری کا فوری مطالبہ کیا، متعدد شہری سڑک پر جمع ہو گئے اور میت سڑک پر رکھ کر احتجاجی دھرنا شروع کر دیا سابق ایم پی اے کرنل سلطان سرخرو اعوان اپنے ساتھیوں سمیت مقتول کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لئے دھرنا میں پہنچ گئے ، ٹمن پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی اور ملزم گرفتار کر لیا۔