’رودادِ سیاست 2‘

Jan 25, 2022

سینئر صحافی و کالم نگار‘ پاکستانی فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سابق صدر محمد نواز رضا کے کالموں کا دوسرا مجموعہ ’’رودادِ سیاست‘‘ قلم فائونڈیشن انٹرنیشنل کے زیراہتمام علامہ عبدالستار عاصم کی نگرانی میں شائع ہو گیا ہے۔ اس مجموعہ میں یکم جنوری 2012ء سے 30 جولائی 2017ء تک شائع ہونے والے کالم شائع کئے گئے ہیں۔ اس سے قبل قلم فائونڈیشن نے ہی جون 2021ء میں ان کے منتخب کالموں کا پہلا مجموعہ روداد سیاست ہی کے نام سے شائع کیا تھا جسے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر بے حد پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور یہ مجموعہ ہاتھوں ہاتھ فروخت ہو گیا۔ فتح محمد ملک‘ مجیب الرحمن شامی‘ سجاد میر اور حامد میر جیسے صحافیوں نے اس کی تعریف کی۔
 اس پسندیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے قلم فائونڈیشن نے ان کے دیگر منتخب کالموںکا دوسرا مجموعہ ’’رودادِ سیاست 2‘‘ کے نام سے شائع کیا ہے۔ ان کالموں میں مسلم لیگ (ن)‘ تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کی سیاست کا جائزہ لیا گیا ہے۔ یہ کتاب پاکستان کی سیاست کے ایک انتہائی نازک دور کی سچی تصویر ہے۔ نواز رضا کے کالم ان کے گہرے مشاہدے اور ملکی سیاست پر بھرپور نظر کے عکاس ہیں۔ یہ ہماری تاریخ کا اہم باب ہیں جو صحافت کے طالبعلموں کیلئے انسائیکلوپیڈیا کا درجہ رکھتے ہیں کیونکہ یہ کالم پاکستانی سیاست کا حقیقی منظرنامہ ہے۔ معروف دانشور‘ مصنف اور ادیب جبار مرزا کے بقول یوں تو یہ سیاسی کالم ہیں‘ اخباری رپورٹنگ ہے مگر اس کا ادبی پہلو بھی نمایاں ہے۔ عرفان صدیقی نے کتاب کے فلیپ پر لکھا ہے کہ روداد ِسیاست 2 ان کالموں کے حوالے سے پاکستان کی سیاست کا حقیقی منظرنامہ ہے۔ ’’رودادِ سیاست‘‘ قلم فائونڈیشن نے اپنے روایتی انداز میںخوبصورت گٹ اپ کے ساتھ بہترین طباعت‘ عمدہ کاغذ‘ مضبوط جلد کے ساتھ شائع کیا ہے۔ ٹائٹل پر پاکستان کے 24 معروف سیاستدانوں کی کلر تصاویر ہیں جن کا ذکر کتاب میں شامل کالموں میں موجود ہے۔ کتاب اس وقت پاکستان کے ہر اچھے بک سٹال پر دستیاب ہے۔ نہ ملنے کی صورت میں قلم فائونڈیشن انٹرنیشنل کے دفتر واقع یثرب کالونی بنک سٹاپ والٹن روڈ لاہور کینٹ کو ایک خط لکھ کر منگوا سکتے ہیں یا سیل نمبر 0300-0515101 پر کال کریں۔(تبصرہ: سلیم اختر)

مزیدخبریں