کرونا سے بچاؤ کیلئے ویکسین لگوانا ضروری ہے: رانا شکیل اسلم

Jan 25, 2022

شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ رانا شکیل اسلم نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو کرونا کی ممکنہ پانچویں لہر سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور حکومت کی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے فعال اور متحرک انداز میں کام کیا جا رہا ہے۔ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کرنا شہریوں کے مفاد میں ہے۔ ایس او پیز پر عمل کر کے شہری نہ صرف خود کرونا سے محفوظ رہ سکتے ہیں بلکہ دوسروں کو بھی محفوظ بنا سکتے ہیں۔ کرونا سے بچاؤ کیلئے ویکسین لگوانا اور سماجی روابط میں احتیاط برتنا نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کی ممکنہ پانچویں لہر کے باعث مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، خدانخواستہ مثبت کیسوں کی شرح میں مزید اضافہ ہوا تو حکومت کو ایک بار پھر سمارٹ لاک ڈاؤن کرنا پڑسکتا ہے۔ پابندیوں سے بچنے کیلئے شہریوں کو احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔شہریوں سے اپیل ہے کہ ماسک کا استعمال کریں اور سماجی فاصلے برقرار رکھیں۔

مزیدخبریں