امریکہ کی اولمپک اور پیرالمپک کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ بیجنگ 2022 میں اولمپکس سرمائی کھیلوں میں 222 کھلاڑی بھیجے گا۔ امریکی اولمپک اور پیرالمپک کمیٹی نے ایک بیان میں کہا کہ 2022 کی امریکی اولمپک ٹیم میں واپسی کرنے والے 92 اولمپینز ہیں جن میں 4، پانچ بارکے اولمپینز، ہاف پائپ اسنوبورڈنگ میں شان وائٹ اوراسنو بورڈ کراس میں لنڈسے جیکوبلس، اسکیلٹن میں کیٹی یو ہیلنڈر اور کرلنگ میں جان شوسٹر شامل ہیں، ٹیم امریکہ کے 8 ارکان اپنے چوتھے اولمپکس سرمائی کھیلوں میں شرکت کریں گے۔ بیان کے مطابق 222 کھلاڑیوں میں 115 مرد اور 107 خواتین ہیں، یہ اولمپک سرمائی کھیلوں میں امریکہ کا دوسرا سب سے بڑا دستہ اور سوچی 2014 میں شرکت کرنے والی ٹیم کے مساوی ہے ۔ پیونگ چھانگ 2018 میں 228 کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم نے شرکت کی تھی۔ 2022 میں 107 خواتین پر مشتمل ٹیم اولمپک سرمائی کھیلوں میں امریکہ کا اب تک کا سب سے بڑا خواتین کا دستہ ہے۔2022 کی امریکی اولمپک ٹیم 200 سے زائد کھلاڑیوں کے ساتھ 2002 سے امریکہ کا موسم سرما کا چھٹا دستہ ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بیجنگ میں ٹیم امریکہ کی سب سے کم عمر رکن 8 اگست 2005 کو پیدا ہونے والی الیسا لیو ہیں جن کی عمر مقابلے میں شرکت کے وقت صرف 16 سال اور 6 ماہ ہوگی، وہ فیگر اسکیٹنگ میں حصہ لیں گی۔ ٹیم امریکہ کے سب سے عمر رسیدہ رکن نک بام گارٹنر ہوں گے جو اسنو بورڈنگ میں چوتھی بار اولمپک سرمائی کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں، وہ 17 دسمبر 2021 کو 40 برس کے ہوچکے ہیں۔ امریکہ کی اولمپک اور پیرالمپک کمیٹی کی سی ای او سارہ ہرش لینڈ نے کہا ہے کہ "اولمپک کھیلوں نے انسانیت اور کھیلوں کے بہترین مقابلے دکھائے ہیں، اور بیجنگ 2022 بھی اس سے مختلف نہیں ہوگا۔" ٹیم امریکہ بنانے والے 222 ناقابل یقین کھلاڑی نہ صرف مقابلہ کرنے بلکہ وہ ملک کا سر فخر سے بلند کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔ بیجنگ اولمپک سرمائی کھیل 4 فروری سے 20 فروری تک منعقد ہوں گے۔