وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن والے 23 مارچ کو آئیں گے تو اپنا سا منہ لے کر لوٹ جائیں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کو یہاں سو سے زائد ممالک کے وزرائے خارجہ ہوں گے ، ہم موبائل فون سروس اور سڑکیں بند کردیں گے، آدھی سے زائد سڑکیں فوج کے پاس ہوں گی۔وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان نے 110 فیصد ٹھیک کہا کہ اگرنکالا گیا تومزید خطرناک ہوں گے، عمران خان واقعی سڑکوں پربہت خطرناک ہیں، وہ جسمانی اورسیاسی طور پرمکمل فٹ ہیں۔ عمران خان نے ایک جملہ کہہ کر میڈیا کو8 دن کیلئے مصروف کردیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے 5 آرمی چیف لگائےاورپانچوں سے جوڈو کراٹے ہوئے، ان کا کوئی اسکوپ نہیں ہے، عمران خان ہی بہترین چوائس ہیں۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی ٹائم آف سلیکشن عجیب ہے، 2 سال سے بھی کم عرصہ رہ گیا، کیا کرلیں گے یہ؟ اداروں کی رائے بن چکی ہے، یہ بےنقاب ہو چکے ہیں۔