لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری نے کی ۔حافظ نعیم الرحمن نے اہل لاہور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور اختیار نہ ہوتے ہوئے ہم نے عوام کی خدمت کی ہے اور ہم آئندہ بھی عوام کے درمیان رہیں گے اور جب حکومت کے اختیارات اور وسائل ملیں گے تو اور زیادہ عوام کی خدمت کریں گے اور تمام تر حکومتی اختیارات و وسائل کو ماضی کی طرح امانت داری کے ساتھ خرچ کریں گے اور اپنی تمام تر صلاحیتوں اور اہلیت کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کے مسائل حل کرائیں گے۔ ظالم جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کے جانے کا وقت آ گیا ہے۔ یقین ہے کراچی کی طرح عام انتخابات میں بھی قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے گی۔ ضیاء الدین انصاری نے حافظ نعیم الرحمن کو بلدیاتی الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کی عوام نے جماعت اسلامی کو سب سے زیادہ مینڈیٹ دیا ہے۔ جماعت اسلامی لاہور اہل کراچی کے مینڈیٹ کے تحفظ کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہے۔