لاہور ( نیوز رپورٹر)جنرل ہسپتال انتظامیہ نے ملک بھر میں بجلی کی ترسیل میں تکنیکی خرابی کے دوران فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہسپتال کے تمام شعبوں میں مریضوں کو علا ج معالجے کی فراہمی بلا تعطل جاری رکھی،شعبہ ایمرجنسی و آؤٹ ڈور میں 8207مریضوں کو طبی سہولیات مہیا کی گئیں جبکہ مجموعی طور پر 264آپریشن ہوئے۔ پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرنے ایل جی ایچ انتظامیہ کی اعلیٰ کارکردگی کو سراہتے ہوئے ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم اور الیکٹریکل انجینئیر ظفر مختار کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔انہوں نے ایمرجنسی صورتحال سے احسن طریقہ سے عہدہ برآ ہونے اور اپنے فرائض پیشہ وارانہ لگن کے ساتھ ادا کرنے پر ڈاکٹر،نرسز اور پیرا میڈیکس کو شاباش دی جبکہ پیر کے روز بجلی کی مسلسل فراہمی کیلئے 9جنریٹر 14گھنٹے مسلسل فنکشنل رہے۔