اسلام آباد (آئی این پی ) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تعلیم افراد کے لئے روزگار اور صحت میں بہتری اور غربت میں کمی کا باعث بنتی ہے۔ عالمی یوم تعلیم کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ تعلیم انسانی ترقی کا ایک اہم عنصر اور پاکستان کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے، تعلیم کا ملک کی معاشی اور سماجی ترقی سے گہرا تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی وسائل میں خاطر خواہ سرمایہ کاری کے بغیر کوئی بھی ملک پائیدار اقتصادی ترقی حاصل نہیں کر سکتا، تعلیم غربت کم کرنے کا موثر ترین ذریعہ ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پہلی قومی تعلیمی کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ نظام ِتعلیم قومی امنگوں کے مطابق ہو گا، اس وقت نوجوان نسل اپنے مستقبل کے بارے میں غیر یقینی کا شکار ہے، بہت سے نوجوان روشن اور خوشحال مستقبل کی خاطر پاکستان چھوڑ رہے ہیں۔ صدر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں سکول سے باہر بچوں کے داخلوں میں اضافے پر توجہ دینا ہوگی، ہم عہد کرتے ہیں کہ جدید ٹیکنالوجی سے نوجوانوں کو باعزت روزگار کے قابل بنائیں گے۔