پنجاب بھیڑ بکریوں کا نہیں جیتے جاگتے انسانوںکا صوبہ  ،کھلواڑ قابل قبول نہیں‘ مسرت چیمہ

Jan 25, 2023


لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی کال پر کارکنان اور عوام نے احتجاج کر کے الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ کیلئے تقرری کر مسترد کر دیا ہے ،جس شخص نے رجیم چینج آپریشن پر عملدرآمد میں سب سے متحرک کردار ادا کیا ہو وہ صوبے میں شفاف انتخابات کرائے گا؟،تحریک انصاف کوسیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے پولیس اور بیورو کریسی میں تبادلے شروع کر دئیے گئے ہیں اور آئی جی ،چیف سیکرٹری اور سی سی پی او کی رات کے اندھیرے میں تبدیلی اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ تحریک انصاف کے احتجاج کے موقع پر الیکشن کمیشن پنجاب کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ آصف زرداری نے محسن نقوی کو اپنا بیٹا بنا یا ہوا ہے اور یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ،یہی فرمانبردار بیٹا سندھ ہائوس میں لگنے والی منڈی میں بھی پیش پیش تھا۔پنجاب 12کروڑ بھیڑ بکریوں کا نہیں جیتے جاگتے انسانوںکا صوبہ ہے اس کے ساتھ یہ کھلواڑ نہیں قابل قبول نہیںہے ۔ اس تقرر کے ذریعے سیاسی انتقام اور عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کا واضح اعلان کر دیا گیا ہے لیکن یاد رکھیں قوم آپ کی ہر سازش اور چال کو ناکام بنائیں گے ،تحریک انصاف صوبے کے انتخابات میں مینڈیٹ میں نقب لگانے کی منصوبہ بندی پر ہرگز خاموش نہیں بیٹھے گی اور ہم ہر روز احتجاج کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ امپورٹڈ ٹولے نے ملک میں معیشت سمیت ہر شعبے میں بریک ڈائون کر دیا ، اب عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اور وہ بھی رد عمل میں ان کی سیاست کا بریک ڈائون کرنے کیلئے بے چین ہیں ۔عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔انہوںنے کہا کہ ہم رجیم چینج آپریشن کے مہرے کے ذریعے پنجاب کے12 کروڑ عوام کا مستقبل یرغمال نہیں بنانے دیں گے،یہ ملک عوام کا ہے ڈرائنگ روم میں بیٹھے طاقتوروں کا نہیں،فیصلے عوام کی منشا ء سے ہوں گے۔

مزیدخبریں