اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی کی جانب سے پاکستان سویٹ ہوم کا خصوصی دورہ کیا۔ جس میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن راشد العلی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر نے پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) اور سویٹ ہوم کے بچوں سے ملاقات کی۔ بچوں نے پاکستانی ثقافت کی رنگا رنگ پرفارمنس سے حاضرین کو خوب محظوظ کیا اور سماں باندھ دیا۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر بچوں میں گھل مل گئے۔ تقریب میں پاکستان سویٹ ہوم کیڈٹ کالج سوہاوہ کے کیڈٹس نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کی مثالی دوستی اور تعلقات کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس دوران پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) کا کہنا تھا کہ وہ انتہائی مشکور ہیں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی کے جنہوں نے آج فرشتوں اور پریوں کے اس خوبصورت سے گھر میں آکر ثابت کیا ہے کہ ہمارا برادر ملک یو اے ای پاکستان میں فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ سے کوشاں ہے اور یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت سمیت انسانیت کی بے لوث خدمات کے لیے بھی متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ مثالی کردار ادا کیا۔ دنیا کی تاریخ کا پہلا کیڈٹ کالج جو صرف یتیم بچوں کے لیے شہیدوں و غازیوں کی سرزمین گوجر خان میں واقع ہے جہاں 200 سے زائد کیڈٹس زیر تعلیم ہیں۔ زمرد خان کا مزید کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کے علاقہ میر علی میں پاک فوج کے تعاون سے گولڈن ایرو سویٹ ہوم قائم ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے سفیر عبید الزعابی کا کہنا تھا مجھے معلوم نہیں تھا کہ پاکستان میں اتنے بڑے پیمانے پر ہزاروں یتیم بچوں کی کفالت کا عظیم کام جاری ہے۔ مجھے یہاں آکر بے حد خوشی اور دلی سکون ملا۔ ان بچوں سے مل کر بے حد متاثر ہوا ہوں اور ان کے جذبے، حوصلے اور اعتماد نے دل جیت لیا اور یقیناً ان کے پاپا جانی زمرد خان صاحب خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ دنیا میں اس سے عظیم اور کیا کام ہوسکتا ہے کہ آپ کسی یتیم بچے کی کفالت اور اسے بہترین تعلیم و تربیت دے کر اپنے پاؤں پر کھڑا کریں۔ میں بطور سفیر متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ یہ بچے بہت آگے جائیں گے اور مستقبل میں اپنے ملک و قوم کا فخر بنیں گے۔ متحدہ عرب امارات کی حکومت زمرد خان صاحب کے اس عظیم مشن میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان اور بچوں نے متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔
امارات کے سفیر کا سویٹ ہوم کا دورہ، بچوں سے ملاقات، گھل مل گئے
Jan 25, 2023