اسلام آباد (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمشن اور چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت کی۔ تینوں سیاسی رہنما پیش نہ ہوئے ۔ حاضری سے استثنی کی درخواستیں دائر کر دی گئیں۔ وکیل نے کہا کہ عمران خان زخمی، فواد چوہدری کراچی میں، اسد عمر بھی شہر سے باہر ہیں۔ الیکشن کمشن نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو اشتہاری قرار دینے کا عندیہ دیدیا۔ ممبر کے پی اکرام اللہ نے کہا کہ کیا بڑے لوگوں کی ذمہ داری نہیں ہے کہ عدالت میں پیش ہوں، اگر اس طرح بار بار آپ نہیں آئیں گے تو آپ کے خلاف کارروائی کریں گے، حاضری سے کب تک استثنیٰ لیں گے؟۔ ہم وارنٹ نکالتے ہیں تو ہائی کورٹ معطل کرتی ہے پھر کہتی ہے کارروائی بھی جاری رکھیں، پی ٹی آئی رہنما نہیں آتے تو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کریں گے۔ پی ٹی آئی وکیل نوید انجم نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری آئندہ سماعت پر پیش ہوں گے۔ الیکشن کمشن نے کیس کی سماعت یکم فروری تک ملتوی کر دی۔ دریں اثناء الیکشن کمشن آف پاکستان کا اہم اجلاس ہوا جس میں انتخابات سے متعلق پنجاب اور خیبر پی کے کے گورنرز کو خطوط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن کی جانب سے دونوں خطوط میں عام انتخابات کیلئے ایک تاریخ دینے کا کہا جائے گا۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ الیکشن کمشن دونوں اسمبلیوں کے عام انتخابات کیلئے تیار ہے۔ الیکشن کمشن کی جانب سے انتخابات کیلئے آر اوز اور ڈی آر اوز کی لسٹیں بھی مانگ لی گئیں۔ اس دوران چیف الیکشن کمشنر نے انتخابات کی تیاریاں تیز کرنے کے احکامات بھی دیئے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا۔ تاہم پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی درخواست پر غور کیا گیا۔
الیکشن کمشن
عمران فواد اسد عمر نہ آئے تو اشتہاری قرار دینے کی کاروائی کرینگے : الیکشن کمیشن
Jan 25, 2023