اسلام آباد؍ لندن (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں وزارت عظمی کے امیدوار نواز شریف خود یا جسے وہ چاہیں گے وہ ہوگا، عمران خان کو 25مئی کو گرفتار ہو جانا چاہئے تھا، میں نے کابینہ سے اجازت مانگی تھی جو نہ ملی، پروجیکٹ عمران خان میں 5لوگوں کا نام فائنل ہوگیا ہے جنہیں عوام کے سامنے لایا جائے گا۔ لندن سے اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء نے کہا کہ کل الیکشن کرا لیں لیکن عمران خان نتائج تسلیم نہیں کرے گا۔ عمران خان کے خلاف کرپشن کے ثبوت موجود ہیں، گرفتاری کا فیصلہ اداروں نے کرنا ہے۔ مریم نواز کو وزیر اعلیٰ پنجاب ہونا چاہئے۔ نواز شریف الیکشن سے پہلے پاکستان واپس آ رہے ہیں، تاریخ کا اعلان وہ خود کریں گے۔ نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہا کہ مالیاتی ادارہ روز بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھانے کو کہتا ہے۔ عمران فتنے کا قوم کو شناخت اور ادراک کرنا چاہیے، ووٹ کی طاقت سے اس فتنے کو مائنس نہ کیا تو یہ تباہی لائے گا۔ نوازشریف چاہتے ہیں عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں۔ نوازشریف آئندہ انتخابی مہم خود لیڈ کریں گے۔ نوازشریف کی واپسی پر پورا پنجاب اور پاکستان جمع ہوگا۔ بجلی بریک ڈاؤن میں جس کا قصور ہوا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ پاکستان مریم نواز کے ساتھ پہنچوں گا۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے انتخابات میں اکثریت حاصل کرے گی۔ پی ٹی آئی والے خود ہی استعفے دیکر کھجل ہوتے پھر رہے ہیں، اب کہتے ہیں استعفے قبول نہ کئے جائیں، تو پہلے استعفے دیئے کیوں تھے۔ جس اسمبلی پر لعنت بھیج کر گئے اب اسی اسمبلی میں واپس آنا چاہتے تھے۔
رانا ثناء