گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی ) جی ٹی روڈز پر قائم سکولوں کے طلبہ و طالبات کو بچوں کوسڑک پار کرنے میں دشواری کا سامنا ، والدین نے بچوں کو حادثات سے بچانے کیلئے پیڈ سٹیرین پل بنانے کا مطالبہ کردیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال اس وقت کے چیف سیکرٹری پنجاب نے گوجرانوالہ ریجن میں قائم مین جی ٹی روڈ اور مصروف شاہراہوں پر قائم سرکاری اور نجی سکولوں کے بچوں کو حادثات سے بچانے کیلئے تمام سکولوں کے ہیڈز کو ہفتہ وار ڈیوٹی روسٹر جاری کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے مطابق اساتذہ صبح سکول کے آغاز اور چھٹی کے وقت بچوں کو روڈ کراس کرنے میں مدد دیں گے مگر ان حکامات پر عمل نہ ہوا۔ ان دنوں شدید سردی اور بعض علاقوں میں دھند کی وجہ سے بچوں کو خصوصا صبح کے وقت روڈ کراس کرنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے اور ٹریفک کے نظام میں خلل پڑتا ہے جبکہ حادثات کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے ،مین شہر جی ٹی روڈ پر نجی سکولوں سمیت گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول جی ٹی روڈ اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سرفراز کالونی تعداد کے لحاظ سے بڑے تعلیمی ادارے ہیں۔، مختلف علاقوں سے آنے والے روزانہ ہزاروں بچے روڈ کراس کرکے سکولوں میں پہنچتے ہیں۔ والدین نے پنجاب حکومت، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے افسران سے مطالبہ کیا ہے جی ٹی روڈ پر قائم بڑے تعلیمی اداروں کے سامنے پیڈ سٹیرین پل نصب کیا جائے تاکہ بچے بہتر انداز میں روڈ کراس کرسکیں۔