اسلام آباد(نا مہ نگار)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے کہا ہے کہ تعلیم پاکستان کے لئے زندگی اورموت کامسئلہ ہے، دنیااتنی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے کہ اگر آج ہم نے تعلیم پر توجہ نہ دی تو ہم بہت پیچھے رہ جائیں گے۔منگل کو عالمی یوم تعلیم کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے پاکستان اور دنیا بھر کے تمام اساتذہ، طلبا اور خاندانوں کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی بنیا دہے جو افراد اور قوموں کی ترقی کے لئے بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی زندگیوں کوبدلنے اور ایک پر امن اور خوشحال معاشرے کی تشکیل کے لئے تعلیم ہی واحد طاقت ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر کی حیثیت سے مجھے یہ فخر محسوس ہوتا ہے کہ ہم نیگزشتہ برسوں کے دوران تعلیم تک رسائی بڑھانے کے لئے نمایاں پیشرفت کی ہے تاہم پاکستان میں ہر بچے کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کامعیاری موقع فراہم کرنے کے لئے ابھی ہم نے بہت طویل سفر طے کرنا ہے۔