کراچی (اسٹاف رپورٹر) سرکاری نوکری کے خواہش مند بڑی عمر کے افراد کے لیے خوشخبری سامنے آگئی، سندھ حکومت نے سرکاری ملازمت کے لیے عمر کی حد میں 15 سال کی رعایت کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ سرکاری نوکری کے لیے حدِ عمر 28سال تک مقرر ہے، 28سے بڑی عمر کے افراد اہل ہونے کے باوجود بھی سرکاری نوکری حاصل نہیں کرسکتے تاہم سندھ حکومت نے اس قانون میں سختی ختم کرتے ہوئے سرکاری ملازمت کے خواہش مند بڑی عمر کے افراد کیلئے 15 سال کی حد عمر میں رعایت دے دی ہے۔ایس جی اے اینڈ سی ڈی نے اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق پبلک سروس کمیشن اور پولیس کی بھرتیوں پر یہ نوٹیفکیشن لاگو نہیں ہوگا، پبلک سروس کمیشن اور پولیس میں بھرتیوں کے سوا دیگر محکمے عمر کی حد میں رعایت دینے کے پابند ہوں گے۔یاد رہے کے قبل ازیں بھی سندھ حکومت نے سرکاری نوکری کیلئے عمر کی حد میں رعایت دی تھی جو کہ 30جون 2022 کو ختم ہوگئی تھی، بعد ازاں ایک بار پھر سندھ حکومت نے سرکاری ملازمت کیلئے حد عمر میں رعایت دی ہے جو 30 جون 2024 تک جاری رہے گی۔
سندھ خوشخبری
سندھ میں سرکاری نوکری کے خواہش مندوں کےلئے خوشخبری
Jan 25, 2023