کراچی (اسٹاف رپورٹر)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ سیاسی رسہ کشی حکمران عوام کو تکالیف وپریشانیوں میں مبتلا کررہے ہیں ،حکومت اور اپوزیشن ملک وقوم کو معاشی بھنور سے نکالنے اور معیشت کے استحکام کی بجائے اقتدار کی جنگ لڑ رہے ہیں ،حکمرانوں کی معاشی وسیاسی پالیسیاںکسی طور بھی عوام کے مفاد میں نہیں ہیں ،آٹا غائب ،بجلی وگیس غائب مہنگائی کا طوفان اور اب بجلی کی قیمتوں میں 30فیصد اضافے کا عندیہ سمجھ سے بالاتر ہے ،معاشی حالات کو مستحکم بنانے کیلئے حکمرانوں کے پاس کوئی فارمولا نہیں ہے ،مہنگائی کا نہ رُکنے والا طوفان ملک کے حالات معاشی طور پر خانہ جنگی کی طرف لیجا رہا ہے ،آئی ایم ایف کے ہاتھوں ملک کو گروی رکھ دیا گیا ہے ،میڈیا اور سوشل میڈیا پر پیٹرول ختم ہونے کی خبروں سے عوام میں شدید تشویش پائی جارہی ہے ،حکمران سب اچھا ہے کی بانسری بجارہے ہیں عوام کو معاشی طور پر مفلوج اور غربت کے حوالے کردیا گیا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بجلی کے بریک ڈائوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری کہنا تھا کہ عوام کرپشن ،اقرباء پروری کا خاتمہ اور گڈگورننس چاہتے ہیں ،عوامی مسائل کے حل کیلئے دلجوئی سے کام کرنے والے عوامی نمائندے ہوتے ہیں ،سیاست کو جھوٹ ،فریب مکر بنانے والوں کو قانون کی گرفت میں لانا ہوگا ،پاکستان سنی تحریک ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے عوام کے ساتھ ملکر جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے ، کرپشن ،اقرباء پروری اور دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران عوام کو طفل تسلیاں اور دعوئوں کی بجائے ہنگامی بنیادوں پر معاشی سہولیات فراہم کریں ،آئی ایم ایف سے قرضے لینے کی بجائے ملک کے وسائل پر انحصار کرتے ہوئے آگے بڑھا جائے ،معاشی استحکام اور غربت کے خاتمے کیلئے میڈ ان پاکستان پالیسیاں مرتب کی جائیں ،بیرونی مداخلت کو مسترد کرکے عوامی ایشوز کو قومی سطح پر حل کیا جائے۔
سیاسی رسہ کشی سے عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہورہا‘ ثروت اعجاز قادری
Jan 25, 2023