کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی محتسب ادارے کے چالیس سال مکمل ہونے پر کراچی کے سینئر ایڈوائزر اور انچارج سید انوار الحیدر نے ادارے کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ایک لاکھ چونسٹھ ہزار ایک سو چوہتر شکایات کا ازالہ کیا گیا ۔ایک ماہ میں تین سو سے چار سو کیسز سننتے ہیں اور شکایات کا ازالہ کرتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی محتسب کے نظام کے تحت شکایات کے درج ہونے سے ساٹھ روز کے اندر اسکا ازالہ کیا جاتا ہے اور اس کے بعد اس پر تیس روز کے اندر عمل درآمد کروایا جاتا ہے۔سید انوار حیدر نے کہا کہ ہمارا مقصد لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنا اور ان کے مسائل کا جلد از جلد ازالہ کرنا ہے۔انہوں نے وفاقی محتسب نے اپنے اقدامات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ائیرپورٹ پر بھی ون ونڈو آپریشن شروع کیا گیا ہے تاکہ مسافروں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جاسکے، اس سے پہلے مسافروں خصوصن بین الاقوامی مسافروں کو کافی مسائل درپیش تھے اور اسی صورتحال کے پیش نظر ون ونڈو آپریشن کا آغاز کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ادارے غریب آدمی کی عدالت ہیں جہاں نہ وکیل کی ضرورت نہ فیس کی ضرورت ہے، کوئی بھی شہری خط, ای میل موبائل ایپ یا ادارے کی ہیلپ لائن پر شکایت درج کروا سکتا ہے اور شکایت کنندگان گھر بیٹھے سماعت میں شامل ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کے لئے ایک پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے جس کے تحت وفاقی محتسب کے افسران ملک کے دور افتادہ قصبوں اور تحصیل ہیڈکوارٹرز میں جا کر شہریوں کی شکایات سنتے ہیں اور ان کا ازالہ کرتے ہیں۔ سید انوار حیدر نے مزید بتایا کے ہم نے پاکستان میں معصوم بچوں، ٹرانسجینڈر اور قیدیوں کی لاتعداد شکایات کا ازالہ کیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں سینیئر ایڈوائزر نے کہا کے شکایات کی زیادہ تعداد کے الیکٹرک، نادرا، پی آئی اے، سول ایویعشن اتھارٹی، واپڈا کی ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کے ہمارے ادارے اور ہماری کوشش ہے کے اس سے بہتر تر کوششیں کرکے اپنے ادارے کا نام روشن کیا جائے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کی دادرسی کرکے انکی دعائیں حاصل کریں۔
سید انوار الحیدر
وفاقی محتسب‘ گذشتہ برس ایک لاکھ 64ہزار سے زائد کیسز کا فیصلہ
Jan 25, 2023