تحریک انصاف کا آئندہ انتخابات کیلئے پارلیمانی بورڈ کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے خیبرپختونخوا میں آئندہ انتخابات کے لئے پارلیمانی بورڈ کا اعلان کیا گیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 17 رکنی پارلیمانی بورڈ میں تحریک انصاف کی مرکزی اور صوبائی قیادت کو شامل کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ 17 رکنی پارلیمانی بورڈ صوبے میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے فیصلہ کرے گا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ پارلیمانی بورڈ میں سابق وزیر دفاع پرویز خٹک، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، سابق گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان شامل ہیں۔اس کے علاوہ علی امین گنڈا پور، مراد سعید، عمر ایوب، شبلی فراز اور سابق اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق غنی بھی پارلیمانی بورڈ کے ممبر ہوں گے۔نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا کہ سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری، جنید اکبر، شہرام خان ترکئی اعظم خان سواتی، شوکت علی یوسفزئی اور سابق صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کے نام بھی پارلیمانی بورڈ میں شامل ہیں۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخیں تجویز کردی ہیں۔پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن کی جانب سے گورنر پنجاب اور خیبر پختونخوا کو خط لکھا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی 14 جنوری کو تحلیل کی گئی. اسمبلی تحلیل کی صورت میں الیکشن کمیشن 90 روز میں انتخابات کرانے کا پابند ہے۔خط کے متن کے مطابق آرٹیکل 105 کے تحت انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنا گورنر کا آئینی اختیار ہے .لیکن انتخابات کی تاریخ کیلئے الیکشن کمیشن سے مشاورت ضروری ہے۔خط میں کہا گیا کہ پنجاب میں انتخابات 13 اپریل سے پہلے بنانے لازمی ہیں، پنجاب میں انتخابات کیلئے 9 اپریل سے 13 اپریل کی تاریخ موضوں ہے. گورنر پنجاب 9 اپریل صفسے 13 اپریل کے درمیان کی تاریخ الیکشن کیلئے اناؤنس کریں۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی اسمبلی 18 جنوری کو تحلیل کی گئی، خیبر پختونخوا میں انتخابات کیلئے 15 اپریل سے 17 اپریل تک کی تاریخ تجویز کی جاتی ہے۔خط میں مزید کہا گیا کہ گورنر خیبرپختونخوا انتخابات کیلئے 15 سے 17 اپریل لے درمیان کی تاریخ الیکشن کیلئے انائونس کریں۔الیکشن کمیشن پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابات اپریل میں کرائے گا جبکہ پنجاب اور کے پی اسمبلی کے انتخابات پر 15 ارب روپے سے زائد کے اخراجات آئیں گے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے انتخابات عام انتخابات سے قبل کرانے پر اخراجات میں 20 ارب روپے کا اضافہ ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن