غزہ: مزید 195 فلسطینی شہید، مسلم ممالک اسرائیل کیساتھ سفارتی تعلقات منقطع کریں: خامنہ ای

Jan 25, 2024

غزہ (آئی این پی) اسرائیلی فوج نے جبالیہ میں 2رہائشی عمارتوں پر بارود برسا کر  اور بمباری میں مزید 195 فلسطینیوں کو شہید کردیا، جس میں حالیہ ہفتوں میں لڑائی شدت اختیار کرگئی ہے۔ اسرائیلی فوج نے خان یونس اور پناہ گزین کیمپ کے علاقوں کے رہائشیوں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر المواسی کے علاقے میں چلے جائیں۔ اسرائیلی فوج نے خان یونس کا النصر ہسپتال فوری خالی کرنے کا حکم دے دیا۔ ڈاکٹرز ود آئوٹ بارڈرز تنظیم نے بتایا کہ اسرائیل کی مسلسل بمباری کے باعث بے گھر افراد، مریضوں اور عملے کو ہسپتال سے نکلنے میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔ ادھر غزہ کی گلیوں اور مکانوں میں حماس کے جنگجوؤں اور اسرائیلی فوج کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جس میں متعدد اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ حماس نے اسرائیل کا جدید ترین ڈرون طیارہ مار گرایا۔ ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ کو آفت زدہ علاقہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی دلیل فلسطینیوں پر ظلم کا دفاع نہیں کرسکتی۔ اسرائیلی آرمی چیف نے کہا غزہ جنگ  چھ ماہ سے زائد عرصہ تک جاری رہ سکتی ہے۔ اسرائیلی حکومت  کے ترجمان نے کہا کسی ایسے سیز فائز پر اتفاق نہیں کریں گے جس کے نتیجہ میں اسرائیلی یرغمالی غزہ میں قید رہیں اور حماس کا اقتدار غزہ میں باقی رہے۔ ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے مسلم ممالک سے کہا  غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرنے کے بجائے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کریں۔ ادھر اقوام متحدہ کے اجلاس میں غزہ کے معاملے پر فلسطینی وزیر خارجہ اور اسرائیلی سفیر کے درمیان تکرار ہو گئی۔ سیز فائر بحث پر اسرائیلی سفیر نے ایران پر بھی انگلی اٹھائی۔ فلسطینی وزیر خارجہ نے کہا دو راستے ہیں۔ فلسطینیوں کی آزادی کا آغاز کریں دوسرا یہ ہے قیامت ڈھائی جائے اور نہ ختم ہونے والا تصادم جاری رہے۔ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے انقرہ میں ترک صدر طیب اردگان سے ملاقات کی۔ غزہ جنگ اور علاقائی صورتحال پر گفتگو کی۔عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کی غزہ میں نسل کشی کے بارے میں جنوبی افریقہ کی درخواست پر جمعہ کو فیصلہ سنایا جائے گا۔ سترہ ججوں کا پینل اسرائیل کیخلاف درخواست کا فیصلہ سنائے گا۔ عدالت کا فیصلہ اسرائیل کیخلاف مقدمے کا حتمی فیصلہ نہیں ہو گا۔ فیصلہ آج 26 جنوری کو پاکستانی وقت کے مطابق شام پانچ بجے سنایا جائے گا۔اسرائیل نے خان یونس میں اقوام متحدہ کی پنا ہ گاہ پر گولہ باری کردی جس کے نتیجے میں متعدد افراد کے شہید ہونے کی اطلاعات ہیںالجزیرہ رپورٹ کے مطابق 800افراد رہائش پذیر تھے ‘9افراد کے شہید اور 75زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

مزیدخبریں