حکومت، پی ٹی اے الیکشن تک انٹرنیٹ کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائیں: سندھ ہائیکورٹ

Jan 25, 2024

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور وفاقی حکومت کو 8 فروری 2024ء کو ہونے والے عام انتخابات تک بلاتعطل انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس کی بندش اور تعطل پر جبران ناصر ایڈووکیٹ نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس پر فوری سماعت کرتے ہوئے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے یہ احکامات جاری کیے۔ اپنی درخواست میں جبران ناصر نے پی ٹی اے، وزارت داخلہ، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کو جواب دہندگان کے طور پر نامزد کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ موبائل انٹرنیٹ اور براڈ بینڈ سروسز کو بند کرنے کے عمل کو غیر آئینی، غیر قانونی، غیر متناسب اور غیر معقول قرار دینا چاہیے۔ بعدازاں سندھ ہائی کورٹ نے جواب دہندگان اور ڈپٹی ایڈووکیٹ جنرل کو 29 جنوری کے لیے نوٹس بھی جاری کر دیئے۔

مزیدخبریں