محسن نقوی، کور کمانڈر لاہور کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی اجلاس: الیکشن سکیورٹی، انتظامات کا جائزہ

Jan 25, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ  محسن نقوی اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا کی زیر صدارت  ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں عام انتخابات کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ الیکشن کمشنر پنجاب، سیکرٹری داخلہ اور دیگر حکام نے الیکشن انتظامات پر بریفنگ دی اور بیلٹ پیپرز کی محفوظ نقل وحمل، پولیس، رینجرز اور فوج کے دستوں کی 3 درجاتی تعیناتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پولنگ سٹیشنز کی سیکورٹی، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، کنٹرول رومز اور دیگر امور پر غورکیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن ڈے پر سوشل میڈیا پر شر انگیزی پھیلانے والے عناصر کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور گیریژن ایریاز میں سیاسی جلسے، جلوس،جھنڈے اور بینرز کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ ووٹرز کو پُرامن ماحول میں حق رائے دہی کا موقع فراہم کرنے کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔ انتخابات کے پُرامن انعقاد کیلئے اشتراک کار کو مثالی بنایا جائے گا۔ سید عامر رضا کور کمانڈر لاہور نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے مختلف محکموں کے قریبی تعاون سے سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔ امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی پر پورا فوکس ہے۔ علاو ازیں  وزیراعلیٰ کی زیرصدارت کابینہ اجلاس میں ڈیرہ غازی خان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ڈاکٹرز کے لئے خصوصی الاؤنس  بینک آف پنجاب کا بورڈ آف ڈائریکٹرز تحلیل کرنے‘ مزار بی بی پاکدامن کے راستے کو کشادہ کرنے کے لئے فنڈز کے اجراء  کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے پنجاب لیبر کورٹ ساہیوال اور فیصل آباد میں پریزائیڈنگ آفیسرز کے عہدوں پر تقرری  ڈسٹرکٹ کنزیومر کورٹ لاہور میں پریزائیڈنگ آفیسر کے عہدے پر نامزد گی اور پنجاب وائلڈ لائف مینجمنٹ کمیٹی کی تشکیل‘ پنجاب ڈیلیگیشن آف فنانشل پاورز رولز 2016ء  میں ترامیم کی منظوری دی۔ محسن نقوی نے مصطفی آباد، قصور میں اخوت کالج و یونیورسٹی کا تفصیلی دورہ کیا۔  محسن نقوی نے مسجد میں طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں، آپ کسی بھی صوبے یا شہر سے ہوں لیکن ملک کی ترقی کے لئے اپنا حصہ ضرور ڈالیں۔ انشاء اللہ پاکستان نے ترقی کرنی ہی کرنی ہے، یہ ملک آگے ضرور بڑھے گا۔ انشاء اللہ آنے والے وقت میں ہم ضرور اوپر جائیں گے۔ مایوسی پھیلانا گناہ ہے اور اگر ہم سب کا ایک ہی مقصد ہو کہ اس ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہے تو ملک ضرور ترقی کرے گا۔  محسن نقوی نے ایمپرس روڈ سے مزار کے داخلی راستے کی کشادگی کے پراجیکٹ کا بھی اعلان کیا۔  میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا الحمدللہ! مزار بی بی پاکدامن مکمل ہوگیا ہے، مزار بی بی پاکدامن اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر محکمہ تعمیرات و مواصلات نے دن رات محنت کی ہے۔   محسن نقوی نے رات گئے قربان لائنز میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ امن وامان کی صورتحال سے متعلق اجلاس میں عام انتخابات کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے عام انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات کے پر امن انعقاد کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔ عام انتخابات کا آزادانہ اور پر امن انعقاد یقینی بنانا قومی ذمہ داری ہے۔

مزیدخبریں