نیویارک (این این آئی) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے فلسطین کو اقوام متحدہ کا مکمل رکن تسلیم کیے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے مسئلے کے دو ریاستی حل پر زور دیا ہے۔ نیویارک میں اظہار خیال کرتے ہوئے منیر اکرم نے کہاکہ دو ریاستی حل کی ناگزیریت کو یقینی بنانے کے لیے اب یہ وقت ہے کہ فلسطین کو اقوام متحدہ کا مکمل رکن تسلیم کیا جائے۔ منیر اکرم نے اس حوالے سے کہا کہ گذشتہ تین ماہ کے دوران دنیا نے 21 ویں صدی میں عام شہریوں کے سب سے وحشیانہ قتل عام کا مشاہدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہوں کا یہ وحشیانہ قتل اور پوری آبادی پر مسلط اذیت فلسطینیوں کی نسل کشی کے مترادف ہے۔ پاکستانی مندوب نے غزہ کی صورت حال پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ یہ افسوس ناک ہے کہ سلامتی کونسل میں تقریباً متفقہ ووٹوں اور جنرل اسمبلی کی طرف سے دو قراردادوں کے مطالبے کے باوجود بین الاقوامی برادری ہماری آنکھوں کے سامنے ہونے والی اس نسل کشی کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔
فلسطین کا دو ریاستی حل ناگزیر، اقوام متحدہ کا مکمل رکن تسلیم کیا جائے: منیر اکرم
Jan 25, 2024