اہل علم رب کائنات کی خشیت کیلئے نئے راستے تخلیق کریں :انیق احمد 

فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمدنے کہا کہ علم دراصل خدا خوفی کا نام ہے،اللہ کی خشیت صاحبان علم کے دل میں ہی ہوتی ہے،جدید علوم حاصل کرکے دنیا کو دین کا تابع بناناہی ہمارے دین کا سبق ہے،اہل علم کو چاہیے کہ وہ رب کائنات کی خشیت کیلئے نئے راستے تخلیق کریں جن پر آنے والے چل سکیں۔ جامعہ سلفیہ حاجی آباد فیصل آباد میں تکمیل مفتی ڈگری کورس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں مذکورہ تقریب میں شرکت اورجامعہ کابہترین ماحول دیکھ کر بڑی خوشی ہوئی جبکہ انہیں بابا فریدگنج شکرؒ اورحضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ پرپی ایچ ڈی کے تھیسز دیکھ کر دلی اطمینان و تشفی حاصل ہوئی۔ برصغیر کے علما ئے حق نے دین کی بڑی خدمت کی اورانہی کی وجہ سے ہمیں بھی بہت کچھ سیکھنے سمجھنے کا موقع ملا۔ دنیا کا کوئی علم سیکولر نہیں ہوتاجب آپؐ سے سوال کیا گیا کہ علم کس کو کہتے ہیں تو آپؐ نے فرمایا علم خدا خوفی کو کہتے ہیں لیکن آپ خود سوچیں کہ کیا علم والے اور بے علم ایک ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان کیلئے ضروری ہے کہ وہ دنیا کا ہر علم دیکھے، پڑھے، سمجھے اور پھر دیکھے کہ اسلام کس وجہ سے ان ادیان سے منفرد و ممتاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم دراصل خدا خوفی کا نام ہے جس میں ہر کسی کے حقوق اور حدود وقیود کا تعین اور بہترین زندگی گزارنے کا طریقہ و سلیقہ سکھایا گیا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن