بلوچستان: 8 سابق وزرائے اعلیٰ بھی الیکشن میں قسمت آزمائیں گے 

Jan 25, 2024

کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کی سیاست میں روایتی قبائلی اثر و رسوخ حاوی رہا ہے۔ کئی قدرآور قبائلی اور سیاسی شخصیات وزیراعلیٰ کے منصب پر فائز رہیں اور اب 8 فروری کے انتخابات میں بھی صوبے سے 8 ایسی شخصیات حصہ لے رہی ہیں جو کہ وزیراعلیٰ رہ چکی ہیں۔ سابق وزرائے اعلیٰ میں نواب اسلم رئیسانی جمعیت علمائے اسلام کے ٹکٹ پر پی بی 37 مستونگ، نواب ثناء  اللہ زہری پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر پی بی 18، جام کمال خان پاکستان مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر پی بی 22 لسبیلہ، سردار اختر مینگل اپنی پارٹی بلوچستان نیشنل پارٹی کے پلیٹ فارم سے پی بی 20 وڈھ سے شامل ہیں۔ میر جان محمد جمالی بلوچستان عوامی پارٹی کے ٹکٹ پر پی بی 17 اوستہ محمد، میر عبدالقدوس بزنجو پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر پی بی 23  آواران سے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نیشنل پارٹی کے پلیٹ فارم سے پی بی 26 تربت اور سردار محمد صالح بھوتانی بلوچستان عوامی پارٹی کے ٹکٹ پر پی بی 21 حب سے امیدوار ہیں۔ جام کمال خان، سردار اختر مینگل اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ قومی اسمبلی کی مختلف نشستوں سے بھی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ سابق وزرائے اعلیٰ میں سے میر عبدالقدوس بزنجو کو دو بار وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کا موقع ملا۔ 

مزیدخبریں