جہلم اور سرگودھا کے حلقے میں بڑی سیاسی پیش رفت ہوئی ہے، مسلم لیگ ن کو ایک اور بریک تھرو مل گیا ہے، جہلم اور سرگودھا میں ن لیگ کے مخالف دھڑوں میں صلح ہوگئی ہے۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدواروں کے حق میں دیگر دھڑے دستبردار ہوگئے ہیں۔راجامطلوب مہدی، راجا طالب مہدی جہلم سے فرخ الطاف کے حق میں دستبردار ہوئے۔ شہباز شریف سے ملاقات میں راجا مطلوب اور راجا طالب نے باضابطہ اعلان کیا۔سرگودھا میں حامد حمید، ڈاکٹر لیاقت کے حق میں دستبردار ہوئے۔شہباز شریف نےپارٹی نظم وضبط کی پاسداری پر رہنماﺅں کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ آپ پر فخر ہے، آپ نے پارٹی اور قیادت کو عزت دی۔شہباز شریف نے کہا کہ ہم سب نے متحد ہوکر عوام کو مہنگائی سے نجات دلانی ہے، پاکستان کی معاشی بحالی اور خود انحصاری اصل چیلنج ہیں، ہمیں مہنگائی، بےروزگاری اور معاشی بدحالی کے مسائل سے لڑنا ہے۔پارٹی رہنماﺅں نے قیادت کے اعتماد اور حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا