لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان واٹر موومنٹ کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ بھارت کو پاکستانی دریاﺅں پر ڈیموں کی تعمیر سے نہ روکا گیا توآئندہ برسوں میں پاکستان کو سیلاب کی اور زیادہ تباہ کاریوں کا سامنا کرنا پڑے گا، پانی کے مسئلہ پر بھارت سے مذاکرات محض وقت کا ضیاع ہے، بھارت پاکستان کو مذاکرات میں الجھا کر متنازعہ ڈیموں کی تعمیر میں مصروف ہے ، بھارت آبی جارحیت سے باز نہ آتا تو پاکستان کو طاقت کے استعمال کا آپشن کھلا رکھنا چاہئے، پاکستان واٹر موومنٹ ملک بھر میں بھارتی آبی دہشت گردی کے خلاف تحریک جاری رکھے گی۔ پاکستان واٹر موومنٹ کے کنوینئر حافظ سیف اللہ منصور، ڈاکٹر ابو وقاص، حافظ خالد ولید اور دیگر نے مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارت پاکستا ن کے خلاف پانی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے ہم پہلے بھی کہتے رہے ہیں کہ بھارت پاکستانی دریاﺅں پر ڈیموں کی تعمیر کر کے جب چاہے پاکستان میں سیلاب کی صورتحال پیدا کر سکتا ہے حال ہی میں جب پاکستان میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے بھارت نے چناب میں پانی چھوڑ کر اور زیادہ سنگین صورتحال پیدا کر دی ہے۔ افسوسناک صورتحال یہ ہے کہ حکومتی ذمہ دار اب بھی بھارت سے یکطرفہ دوستی و محبت میں اصل حقائق تسلیم قبول کرنے کو تیار نہیں بلکہ قوم کو دھوکہ دینے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ بھارت سندھ طاس معاہدہ کی دھجیاں بکھیر رہا ہے کشمیر اور پانی کے مسئلہ پر مذاکرات اور معاہدے پہلے بھی بہت ہوئے مگر نتیجہ نہیں نکلا اقوام متحدہ اور ورلڈ بنک جیسے ادارے بھارت کی پشت پناہی کر رہے ہیں، کشمیر سے آٹھ لاکھ بھارتی فوج نکالے بغیر پانیوں کا مسئلہ حل نہیں ہو سکتا بھارتی ”واٹر بم“ کے توڑ کے لئے قوم کو جنگ کے لئے تیار کرنا ہو گا۔ پاکستان واٹر موومنٹ ملک بھر میں جلسوں ، سیمینارز اور کانفرنسوں کے دوران ملٹی میڈیا پروجیکٹرز کے ذریعہ لوگوں کو بھارتی ڈیموں اور زیر زمین سرنگیں کھود کر دریاﺅں کا رخ موڑنے سے متعلق منصوبوں سے آگاہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ قوم کے ہر طبقہ کو بھارتی آبی دہشت گردی کے پیش نظر پاکستان کو درپیش خطرات سے آگا ہ کیا جا سکے۔ بھارتی آبی جارحیت کے نتیجہ میں پاکستان اس وقت انتہائی سنگین صورتحال سے دو چار ہے ایک طرف کھیت کھلیان بر باد ہو رہے ہیں تو دوسری طرف پاکستان کے دفاع کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ بھارتی آبی دہشت گردی کو بزور بازو روکنے کی ضرورت ہے پاکستان بھر کی مذہبی ، سیاسی ، سماجی تنظیموں سمیت تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو اس مسئلہ پر پوری قوت سے آواز بلند کرنی چاہیے۔ بھارت آبی دہشت گردی کا ارتکاب کر کے خطہ کے حالات خود خراب کر رہا ہے وہ اپنی ان حرکتوں سے باز نہ آیا توآئندہ پاکستان بھارت جنگ پانی کے مسئلہ پر ہو گی، پاکستانی قوم اپنے دریاﺅں کے پانیوں پر بھارتی قبضہ کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔