سٹریٹجک مذاکرات ستمبر میں ہونگے: پاکستان بھارت کرکٹ ڈپلومیسی خوش آئند ہے، نولینڈ

Jul 25, 2012

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ/ نمائندہ خصوصی) پاکستان امریکہ سٹریٹجک مذاکرات کا اہم دور ستمبر میں واشنگٹن میں ہو گا۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ حنا ربانی کھر پاکستانی وفد کی قیادت کریں گی۔ امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ نے کہا ہے کہ ممبئی حملوں کے ملزموں کو سزا ملنی چاہئے۔ پریس بریفنگ میں انہوں کا کہنا تھا کہ ممبئی حملوں میں بھارتی شہریوں کے ساتھ امریکیوں کی بھی ہلاکت ہوئی تھی اسلئے امریکہ یہ چاہتا ہے کہ واقعہ کی غیرجانبدارانہ تفتیش ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، بھارت کرکٹ ڈپلومیسی کا آغاز خوش آئند ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آرہی ہے اور امریکہ اسکی حمایت جاری رکھے گا۔ دونوں ممالک کو مسائل پر بات چیت جاری اور دہشت گردی سے متعلق معلومات کا تبادلہ کرنا چاہئے۔ وکٹوریہ نولینڈ نے کہا کہ پاکستان کے زمینی راستوں سے نیٹو سپلائی بہتر انداز میں ہو رہی ہے۔ اس سوال کہ پاکستان نے نیٹو سپلائی بحال کر دی اب واشنگٹن ڈرون حملے کب تک ختم کر دے گا، وکٹوریہ نولینڈ نے کہاکہ انٹیلی جنس امور پر گفتگو نہیں کر سکتا۔ ترجمان پینٹاگون جارج لٹل نے کہا ہے کہ پاکستان سے تعلقات میں بہتری آ رہی ہے۔ پاکستانی سفیر شیری رحمان سے امریکی سینیٹر ہیری ریڈ نے ملاقات کی جس میں نیٹو سپلائی لائن کی بحالی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں نے دہشت گردی کےخلاف جنگ میں باہمی تعاون جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ امریکی خاتون سینیٹر ڈیانے فین سٹین نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات بین الاقوامی سطح پر سکیورٹی کیلئے ضروری ہے۔

مزیدخبریں