لاہور (سپورٹس رپورٹر) لندن اولمپک میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کا کہنا ہے کہ جعلی پاسپورٹ سکینڈل سے ملک کی بدنامی ضرور ہوئی لیکن پاکستان کو میگا ایونٹ سے کوئی نہیں نکال سکتا۔ پاکستان کے چیف ڈی مشن صوبائی و زیر کھیل خیبر پی کے سید عاقل شاہ نے انگلینڈ روانگی سے قبل نوائے وقت کو بتایا کہ میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے تین ماہ قبل ایکریڈیشن کارڈ بن چکے ہیں۔ کوئی شخص جعلی پاسپورٹ بنا تو سکتا ہے لیکن رجسٹریشن کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے وہ لندن کے میگا ایونٹ کے پاس بھی نہیں جا سکے گا۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد محمود کا کہنا تھا کہ جعلی پاسپورٹ سکینڈل سے پاکستانی دستے کو اولمپک مقابلوں سے نہیں نکالا جا سکتا۔ حکومت کو چاہئے کہ جس بھی شخص نے پاکستانی دستاویزات کا غلط استعمال کرنے کی کوشش کی ہے اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں۔ حکومت معاملے کی جڑ تک پہنچے اور پاکستان کو بدنام کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ پاکستانی سوئمنگ ٹیم کے مینجر زوریز لاشاری کا کہنا تھا کہ جعلی پاسپورٹ سکینڈل ملک کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔