لاہور ( سپیشل رپورٹر) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ رضا ربانی ضرور ایماندار ہیں مگر وہ پیپلز پارٹی کے صدارتی امیدوار ہیں ہم ان کی حمایت نہیں کر سکتے‘ موجودہ حکومت ہر روز نئی بات کرتی ہے اور قوم حکمرانوں سے سخت مایوس ہے‘ مسلم لیگ (ن) اگر بلدیاتی نظام پر من مانی کرے گی تو یہ جمہوریت اور عوام کے مفاد میں نہیں ہو گا‘ تمام فیصلے مشاورت اور عوامی امنگوں کے مطابق ہونے چاہئیں۔ وہ صدارتی امیدوار جسٹس (ر) وجیہہ الدین کے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد رکن پنجاب اسمبلی مراد راس‘ ڈاکٹر نوشین حامد‘ شیخ امتیاز محمود اور رانا اختر حسین کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ تحریک انصاف کے پاس اتنے ووٹ نہیں کہ وہ صدارتی الیکشن جیت جائے لیکن ہم کسی کیلئے انتخابی میدان کھلا چھوڑنا نہیں چاہتے اس لئے ہم نے صدارتی امیدوار کھڑا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ جب رضا ربانی جیسے لوگوں کو ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ذمہ داری دینے کا وقت تھا اُس وقت تک پیپلز پارٹی نے رضا ربانی کو کھڈے لین لگائے رکھا اور اب جب پیپلز پارٹی کو صدارتی انتخابات میں شکست نظر آ رہی ہے تو اس وقت رضا ربانی کو آگے کر دیا گیا ہے۔ ان کا تعلق اُس جماعت سے ہے جس نے گزشتہ پانچ سال میں ملک کو تباہ وبرباد کیا اور تحریک انصاف ملک کو تباہ وبرباد کرنے والی جماعت کے صدارتی امیدوار کی حمایت نہیں کر سکتی۔
رضا ربانی ایماندار مگر پی پی کے امیدوار ہیں، حمایت نہیں کر سکتے: محمود الرشید
Jul 25, 2013