سانگلہ ہل (نمائندہ نوائے وقت) لاہور بورڈ سے میٹرک کے امتحان سالانہ 2012ءسائنس گروپ میں 1021نمبر لیکر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ ناشکہ ذوالفقار سے امتیازی سلوک کرتے ہوئے نام بیرون ملک دورے سے نکال دیا۔ بورڈ کے امتحان میں1050میں سے 1021نمبر حاصل کرکے فوجی فاﺅنڈیشن ماڈل ہائی سکول کی طالبہ ناشکہ ذوالفقار اور بیکن ہاﺅس سکول سسٹم ٹھوکر نیاز بیگ لاہور کے طالب علم سرمد وقار ہاشمی نے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ ناشکہ ذوالفقار اور سرمد وقار ہاشمی کو اول انعام سے نوازا گیا مگر میرٹ کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے بیرون ملک مطالعاتی دورے سے ناشکہ ذوالفقار کا نام خارج کر دیا گیا جبکہ سرمد وقار ہاشمی کو بیرونی دورے میں شامل کر دیا گیا۔ ناشکہ ذوالفقار نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو میرٹ سے بے خبر رکھا گیا ہے۔