دُبئی میںروح پرور محفل حمد و نعت

طاہر منیر طاہر دبئی
روحانی تسکین حاصل کرنے کیلئے اہل دبئی کو ماہ رمضان جیسے مقدس مہینے کے پہلے ہی عشرہ میں موقع مل گیا۔ ویسے تو دُبئی میں تفریح طبع کیلئے بیشمار پروگرام ہوتے ہیں جہاں جا کر لوگ جذباتی تسکین حاصل کرتے ہیں‘ لیکن روحانی تسکین کیلئے روحانی اور مقدس ایونٹس کی ذرا قلت ہی پائی جاتی ہے‘ لیکن جب بھی اہل دبئی و دیگر امارات میں مقیم پاکستانیوں کو کسی مقدس پاک اور روحانی محفل کے انعقاد کی خبر ملتی ہے تو عوام الناس ایک خاص جوش‘ ولولے اور محبت کے ساتھ روحانی محفلوں میں بھی شریک ہوتے ہیں‘ تاہم اس بار ماہ رمضان میںدبئی کے ایک فائیوسٹار ہوٹل میں ایک روح پرور محفل حمدونعت کا انعقاد کیا گیا۔ اس محفل کی تیاری تو گزشتہ ایک ماہ سے جاری تھی جس پر بزم محبان مصطفی کراچی و دبئی کے خوشنود برنی‘ مرغوب احمد‘ ذوالفقار شاہ‘ چودھری محمد منیر انور‘ چودھری شاہد جمیل‘ ڈاکٹر محمد اکرم شہزاد اور طاہر منیر طاہر کام کر رہے تھے‘ لیکن اس کا باقاعدہ انعقاد دبئی کی ممتاز کاروباری شخصیت اور عاشق رسولؐ چودھری نورالحسن تنویر اور آزاد علی تبسم کے تعاون سے ممکن ہوا۔ چودھری نورالحسن تنویر کی شخصیت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ نہ صرف پاکستان کے تہواروں کے موقع پر خصوصی تقاریب کا اہتمام کرتے ہیں بلکہ ساتھ ساتھ ہر مذہبی موقع پر بھی خصوصی محافل کا انعقاد کرتے ہیں جن میں ہر سال جشن عید میلادالنبیؐ کا بھی انعقاد ہوتا ہے۔ ان روحانی محافل سے دبئی و دیگر امارات کے پاکستانی بھی فیض یاب ہوتے اور روحانی تسکین حاصل کرتے ہیں۔ حالیہ محفل حمدونعت اس لحاظ سے خاص اہمیت کی حامل رہی کہ اس کا انعقاد ماہ رمضان کے بابرکت مہینے میں‘ ماہ رمضان کے پہلے عشرہ میں پہلی جمعرات کو ہوا۔ پاکستان سے ممتاز نعت خوانوں قاری وحید ظفر قاسمی‘ الحاج صدیق اسماعیل‘ قاری محمد افضال انجم‘ سید غیورالحسن‘ محمد صبیح رحمانی اور سعودی عرب سے محمد اصغر چشتی نے شرکت کی جبکہ نظامت کے فرائض محمد رئیس احمد نے انجام دیئے۔ محفل حمدونعت کا آغاز قاری وحید ظفر قاسمی نے  تلاوت کے ساتھ کیا۔ محفل میں موجود تمام لوگ جھوم جھوم اٹھے۔ نعرہ تکبیر اور نعرہ رسالت کے نعرے بلند ہوتے رہے۔ سبحان اللہ اور ماشاء اللہ کی صدائوں سے محفل مہک اٹھی۔ نقیب محفل محمد رئیس احمد نے اپنے خاص انداز سے محفل کا رنگ اور سماں باندھ دیا۔ اپنی خوبصورت و رعب دار اور گرجدار آواز کے ساتھ محفل حمدونعت کے انعقاد کو سراہا۔ محمد رئیس احمد نے کہا کہ آج کی محفل میں اہل دبئی کی غیرمعمولی حاضری دیکھ کر اندازہ ہو رہا ہے کہ لوگوں کے دلوں میں عشق رسولؐ ٹھاٹھیں مار رہا ہے اور لوگ روحانیت کے حصول کیلئے اس پاک محفل میں کھنچے چلے آئے ہیں۔محفل حمدونعت میں نہ صرف دبئی بلکہ دیگر امارات سے بھی پاکستانیوں نے شرکت کی۔ ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کیساتھ ساتھ خواتین کی بھی ایک بڑی تعداد نے محفل میں شرکت کی ۔ محفل میں کرنل حمید انصاری ‘ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس دبئی پولیس نے بھی شرکت کی۔جو محفل کے مہمان خصوصی تھے۔ ان کی شرکت پر انہیں ایک اعزازی شیلڈ بھی دی گئی۔پاکستان سے آنے والے نعت خوانوں نے باری باری اپنا کلام پڑھا جبکہ الحاج صدیق اسماعیل اور قاری وحید ظفر قاسمی کی باری آخر میں آئی جنہیں سننے کیلئے شائقین  بے تاب تھے ۔ اس موقع پر قاری وحید ظفر قاسمی نے کہا کہ انہیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے اپنی مشہور و معروف نعت اللہ ہو‘ اللہ ہو‘ حضور اکرمؐ کے روضہ میںبھی  پڑھی ہے۔ روضۂ رسولؐ کے اندر جا کر متذکرہ نعت کے علاوہ بھی دو نعتیں قاری وحید قاسمی نے سنائیں جس سے پورا ہال جھوم اٹھا۔ الحاج صدیق اسماعیل نے بھی اپنی مشہور نعتیں سنائیں اور حاضرین محفل سے داد تحسین پائی۔ پروگرام کی تشنگی ابھی باقی تھی کہ سحری کا وقت ہو جانے کی وجہ سے محفل کو سمیٹنا پڑا۔ عوام الناس نے محفل حمدونعت کو بے حد پسند کیا۔ اس کے انعقاد پر چودھری نورالحسن تنویر اور محفل کی آرگنائزنگ ٹیم کا شکریہ اداکرتے ہوئے خواہش ظاہر کی کہ اس سطح کی پاک محافل کا انعقاد ہوتے رہنا چاہئے تاکہ آج کے پُرآشوب دور میں لوگوں کو روحانی اور دلی سکون ملتا رہے۔محفل کے آخر میں لوگوں کو سحری کے پارسل تقسیم کئے گئے یوں یہ روحانی محفل بے شمارخوبصورت یادوں کے ساتھ اختتام پزیر ہوئی۔

ای پیپر دی نیشن