لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نمائندگان+ این این آئی) ملک بھر میں آج جمعۃ الوداع نہایت عقیدت و احترام سے منایا جائے گا جبکہ مذہبی جماعتیں جمعۃ الواداع کو ’’ یوم القدس‘‘ کے طور پر منائیں گی۔ جمعۃ الوداع کے اجتماعات میں ملک کی سلامتی و استحکام، ترقی و خوشحالی، دہشتگردی کے خاتمے اور امت مسلمہ کی سربلندی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ ملک بھر کی مساجد کے علاوہ جمعۃ الوداع کے اجتماعات کے لئے عیدگاہوں، کھلے میدانوں اور پارکوں میں بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے جمعتہ الوداع کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ حساس قرار دی گئی مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر اضافی نفری تعینات ہو گی۔ علاوہ ازیں مذہبی جماعتیں آج جمعۃ الوداع کو یوم القدس کے طور پرمنائیں گی۔ نماز جمعہ کے اجتماعات میں بیت المقدس اور مسجد اقصی پر اسرائیلی قبضے کی مذمت کی جائیگی اور مسلمانان فلسطین سے اظہار یکجہتی اور غزہ پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف مظاہرے کیے جائیں گے جبکہ نماز جمعہ کے بعد ریلیاں نکالی جائینگی۔ فقیروالی سے نامہ نگار کے مطابق فلسطین میں مسلمانوں پر بمباری کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں علمائے کرام تاجر برادری سمیت ہر مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر فلسطینی مسلمانوں کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے۔ علاوہ ازیں جماعۃ الدعوۃ پاکستان کی اپیل پر فلسطین پر اسرائیلی جارحیت اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آج جمعہ 25جولائی کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیںگے اور ریلیاںنکالی جائیں گی۔ حافظ محمد سعید یونیورسٹی گرائونڈ چوبرجی میں خطبہ جمعہ دیں گے اور بعدازاں بڑی احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جس میں لاہور اور اس کے گردونواح سے ہزاروں افراد شرکت کریں گے۔ جماعۃ الدعوۃ کی جانب سے خطبہ جمعہ اور فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے منعقدہ پروگرام کے سلسلہ میں وسیع پیمانے پر تیاریاں و انتظامات کئے گئے ہیں۔ شہر بھر میں ہزاروں کی تعداد میں اشتہارات، بینرز اور ہورڈنگز لگائے گئے ہیں۔ امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ہم پورے ملک میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کریں گے اور حکومت پاکستان پر دبائو بڑھایا جائے گا کہ وہ مصلحت پسندی چھوڑ کر مسلم ممالک کو ساتھ ملائیں اور او آئی سی و سلامتی کونسل سمیت ہر فورم پر نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف آواز بلند کریں۔ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر پچھلے کئی دنوں سے جاری بمباری سے سینکڑوں فلسطینی جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔ ہر آنے والے دن غاصب اسرائیلی فورسز کی جارحیت بڑھتی جارہی ہے مگر امریکہ و یورپ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم حکمران غزہ پر جاری اسرائیلی بربریت روکنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی وضع کریں حکومت پاکستان او آئی سی اجلاس بلوانے میں کردار ادا کرے۔ مسلم ممالک پر مشتمل مضبوط دفاعی اتحاد بنایا جائے۔ اسی طرح اپنی اسلامی یونین بنائی جائے اور اپنی الگ اقوام متحدہ اور معاشی و دفاعی نظام تشکیل دیے جائیں۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ اسرائیل فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی کیلئے کیمیائی ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔ فاسفورس بموں کا استعمال جنگی جرم اور بدترین دہشت گردی ہے۔ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور دیگر عالمی اداروں کوفلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت کیوں نظر نہیں آتی؟مسلمان اسرائیلی جارحیت روکنے اور مظلوم فلسطینیوں کی مدد کیلئے قربانیوں و شہادتوں کا راستہ اختیار کریں۔علاوہ ازیں جمعیت علماء اسلام (س) آج جمعۃ المبارک فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف یوم مذمت منائے گی اور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں۔ سنی اتحاد کونسل آج یوم القدس منائے گی جبکہ جماعت اہلسنت آج جمعۃ الوداع کو یوم بیداری امت کے طور پر منائے گی۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر جمعۃ الوداع کو مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ یوم عزم کے طور پر منانے کا اعلان پر آج بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ اس حوالے سے جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام بعد نماز جمعۃ المبارک منصورہ ملتان روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق پاکستانی سنی تحریک کے زیراہتمام آج اسرائیلی جارحیت کے خلاف ریلی نکالی جائے گی۔