الاتحاد کرکٹ کپ 2015 کی اختتامی تقریب

طاہر منیر طاہر (دبئی)
بین الاقوامی سطح پر کرکٹ کھیلنے اور شائقین کرکٹ کے لئے شارجہ، دوبئی اور ابوظہبی میں اعلیٰ سطح کے جدید ترین سٹیڈیم موجود ہیں، جہاں ہر سال متعدد کرکٹ سیریز ہوتی ہیں جس سے نہ صرف متحدہ عرب امارات کے شائقین کرکٹ سے لطف اندوز ہوتے ہیں بلکہ دوسرے ممالک سے بھی لوگ یہاں کرکٹ دیکھنے کے لئے آتے ہیں۔ یو اے ای میں مقامی سطح پر بھی بے شمار کرکٹ کھیلنے اور دیکھنے کے دیوانے موجود ہیں لیکن بہت سے لوگ کام میں مصروف ہونے کے باعث عالمی سطح کی کرکٹ نہیں دیکھ پاتے جبکہ کرکٹ کھلاڑی اعلیٰ سطح پر نہیں کھیل پاتے، یو اے ای میں بے شمار پاکستانی ایسے موجود ہیں جو یقیناً بہت اچھی کرکٹ کھیلتے ہیں، کرکٹ کے ان کھلاڑیوں نے اپنے شوق کی آبیاری کے لئے نجی سطح پر کرکٹ کلب اور کرکٹ ٹیمیں بنا رکھی ہیں، مختلف جگہوں پر کام کرنے والے پاکستانی جو کرکٹ کے اچھے کھلاڑی بھی ہیں چھٹی کے روز مختلف جگہوں پر خوب کرکٹ کھیلتے ہیں اور ان کے آپس میں میچز بھی ہوتے ہیں۔ یہاں انڈین کرکٹ کلب اور کھلاڑی بھی موجود ہیں جو آپس میں نمائشی میچ کھیلتے ہیں۔
تمام کرکٹ کھلاڑیوں اور کلبوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کے لئے ایک پرجوش پاکستانی امجد اقبال امجد نے عملاً کام کیا اور 2B الاتحاد کرکٹ کلب 2015ء کے نام پر یو ای اے کی 16 نامور ٹیموں کے مابین تیس روز کھیلوں کا اہتمام کرڈالا، 16ٹیموں کے درمیان یہ میچز دوبئی کے زعبیل پارک کی خوبصورت گرائونڈ میں ہوئے چونکہ یہ پارک دوبئی کے عین وسط میں واقع ہے لہٰذا کرکٹ کے شائقین کی بھاری تعداد نے روزانہ یہ میچز دیکھے اور لطف اندوز ہوئے۔ کرکٹ میچز کے چیف آرگنائزر امجد اقبال امجد نے بتایا کہ دوبئی اور دیگر امارات میں بے شمار کرکٹ کے کھلاڑی اور کلب موجود ہیں جن کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا گیا اور 2B الاتحاد کرکٹ کپ کے زیراہتمام انہیں آپس میں کھیلنے کا موقع دیا گیا۔ امجد اقبال امجد نے کہا کہ نچلی سطح پر مقامی کھلاڑیوں کے مابین کرکٹ کھیلنے کا تجربہ کامیاب رہا ہے جس سے کھلاڑیوں کا امیج ابھر کر سامنے آیا ہے اور اچھی کرکٹ کھیلنے والے کلبوں کی پہچان ہوئی ہے۔ امجد اقبال امجد نے بتایا کہ 16ٹیموں کے 224 کھلاڑیوں نے 31دن تک مسلسل کرکٹ کھیلی جس سے امارات میں کرکٹ کے کھیل کو مزید فروغ حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فائنل میچ گلف ڈسٹری بیوشن اور طہٰ کرکٹ کلب کے مابین کھیلا گیا جس میں طہٰ کرکٹ کلب نے گلف ڈسٹری بیوشن کلب کو ہرا کر میچ جیت لیا اور ٹرافی اپنے نام کرلی۔ فائنل میچ کا ٹاس گلف ڈسٹری بیوشن کے کپتان پرویز نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ گلف ڈسٹری بیوشن نے 16.5 اوورز میں 145 رنز سکور کئے اور ان کے دس کھلاڑی آئوٹ ہوئے۔ اس کے جواب میں طہٰ کرکٹ کلب نے یہ ٹارگٹ مطلوبہ 19.2 اوورز کے دوران حاصل کرلیا جبکہ ان کے چھ کھلاڑی آئوٹ ہوئے اس کھیل کے مین آف دی میچ عرفان ساجد قرار دیئے گئے جبکہ پورے ٹورنامنٹ کے دوران بھی ان کی کارکردگی بہتر رہی لہٰذا مین آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز بھی عرفان ساجد کو دیا گیا، فائنل میچ کے وقت دوبئی کی مشہور شخصیات میاں منیر ہانس، راجہ محمد سرفراز، چودھری خالد حسین، رئیس قریشی، وحید پال، جمیل اسحاق، پرنس اقبال، شیراز جاوید، ملک یاسر امتیاز اعوان، آصف علی خان، فیصل خان، اشتیاق احمد، حسن شاہ، ذوالقرنین اور دیگر بہت سے لوگ موجود تھے۔ 2B الاتحاد کرکٹ کپ 2015 ء پلے ووڈ سپورٹس کے زیراہتمام کھیلا گیا۔ پہلے ووڈ سپورٹس امارات میں نہ صرف کرکٹ بلکہ ہر قسم کے کھیلوں کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔ اس موقع پر امجد اقبال امجد نے بہترین تعاون کرنے پر شیراز جاوید کا شکریہ ادا کیا۔ جنہوں نے موجودہ ٹورنامنٹ کے انعقاد میں انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ تقریب کے اختتام پر آصف علی خان نے رنر اپ ٹیم گلوبل ڈسٹری بیوشن ٹیم کے کپتان کو ٹرافی دی، بہترین ٹورنامنٹ آرگنائز کرنے پر غلام یاسین کی جانب سے چودری امجد اقبال امجد کو ٹرافی دی گئی۔ اس موقع پر منگلور کرکٹ کلب کے کپتان پراوین کو بہترین کیپٹن کا اعزاز دیا گیا آخر میں طہٰ کرکٹ کلب کے کپتان کو 2B الاتحاد کپ کی ونر ٹرافی دی گئی، ٹورنامنٹ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کپتان حضرات نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد دی اس موقع پر چیف آرگنائزر امجد اقبال امجد نے کہا کہ 23جولائی 2015ء کو ’’اینٹی سموکنگ‘‘ الاتحاد کپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے جو زمبیل پارک دوبئی کی اسی گرائونڈ پر ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ میں بھی امارات بھر سے کرکٹ ٹیمیں بھرپور حصہ لیں گی اور اہل امارات کو مفت میں کرکٹ کا کھیل دیکھنے کا موقع ملے گا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...