کوئٹہ (صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ ) سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا ہے کہ انکوائری کمشن کی رپورٹ آنے پر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا ہے اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم سے فیصلے کے بعد مجھ سمیت تمام عدلیہ سرخرو ہوئی ہے۔ عمران کے لگائے گئے تمام الزامات جھوٹ ثابت ہوئے۔ کسی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہو رہا بلکہ اپنی سیاسی جماعت بنا کر بلوچستان سے سیاست کا آغاز کروں گا۔ کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ کا بڑا فضل و کرم ہے میں نہایت ہی عجز و انکساری سے اﷲ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے مجھ اور تمام عدلیہ کے آر اوز کو سرخرو کیا جس کسی نے بھی الزامات لگائے ان کو بھی اب اﷲ تعالیٰ ہی بہتر طریقے سے سزا دے سکتے ہیں جیسا کہ قرآن پاک میں ہے کہ جھوٹ بولنے والے کو اﷲ تعالیٰ کی سزا ہوتی ہے۔ وہ سیاسی رہنمائوں سے ملاقاتیں اور مشاورت کریں گے اور انہیں اپنی سیاسی جماعت میں شمولیت کی دعوت دیں گے۔ افتخار چوہدری نے مزید کہا کہ آئندہ انتخابات میں ایسا میکانزم ہو کہ کوئی سیاسی جماعت الزام نہ لگائے۔جمہوری اداروں کو دھمکانا بھی آئین توڑنے کے مترادف ہے۔ ملک سے سٹیٹس کو کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ راولپنڈی میں گفتگو کرتے ہوئے افتخار چودھری نے کہا ہے کہ انکوائری کمشن کی رپورٹ 20 کروڑ عوام کی ملکیت ہے، 27 جولائی کو اپنی رہائش پر تفصیلی گفتگو کروں گا، قوم کو 126 دن تک سیاسی پارٹیوں نے یرغمال بنائے رکھا، نتائج کو منطقی انجام تک پہنچنا چاہئے، درمیان میں نہ چھوڑا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مارچ اور 3 نومبرکو اللہ نے مجھے سرخروکیا، 25 دسمبر کو اپنی سیاسی جماعت کا اعلان کروں گا۔ کمشن کی رپورٹ پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ عمران خان کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ قوم کی امانت ہے، میری جرأت نہیں کہ وہ دعویٰ واپس لے سکوں۔