نشتر کالونی‘ کرنٹ سے ہلاکتوں پر وزیراعظم‘ وزیراعلیٰ کا نوٹس‘ کارروائی کی ہدایت

Jul 25, 2016

لاہور (خبر نگار+نیوز رپور ٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بھی نشتر کالونی میں بجلی کے تار ٹوٹنے کے باعث کرنٹ لگنے سے 2 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسو س کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے افسوسناک واقعہ کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ہدایت کی ہے واقعہ کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہو ںنے کہا کہ غفلت کے باعث2 بے گناہ افراد کی زندگیوں کا چلے جانا مجرمانہ فعل ہے جس کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ نیوز رپورٹر کے مطابق وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی گزشتہ روز وزیراعظم کی ہدایت پر لاہور میں گیکسو ٹائون میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ملنے لاہور پہنچے۔ جہاں پر لواحقین نے عابد شیر علی کی گاڑی راستے میں ہی روک لی اور لواحقین سڑک پر بیٹھ کر احتجاج کرنے لگے۔ لواحقین کے احتجاج پر عابد شیر علی گاڑی سے فوراً نیچے اتر آئے اور یقین دہانی پر لواحقین نے گھر تک آنے دیا۔ عابد شیر علی نے اس موقع پر بتایا واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائیں گے اور لواحقین سے جہاں تک ہو سکے وزارت پانی و بجلی اور وفاقی حکومت مکمل تعاون کرے گی۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو لیسکو قیصر زمان آپریشن ڈائریکٹر لیسکو اسد اللہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا 2017ء تک بجلی کے تمام فرسودہ تاروں کو تبدیل کر دیا جائے گا۔ وزیر مملکت کی ہدایت پر لیسکو نے تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔

مزیدخبریں