لاہور (خبرنگار) کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے رہنما و وزیر زینگ ژیائو سانگ (Mr. Zheng Xiaosong) نے بیجنگ میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ شہباز شریف نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کی ترقی میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کا کردار تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے رہنمائوں نے اپنے کردار اور عمل سے ثابت کیا ہے کہ عزم، محنت، جذبے اور تسلسل کے ساتھ کام کیا جائے تو کوئی بھی رکاوٹ ترقی کی راہ میں حائل نہیں ہوسکتی اور آج چین کو اقوام عالم میں جو پذیرائی حاصل ہے اس کا کریڈٹ کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کی قیادت کو جاتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین کی ترقی کا بڑا راز اس کی پالیسیوں کے تسلسل میں مضمر ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین کی لیڈرشپ کی جانب سے وزیراعظم محمد نوازشریف کی سربراہی میں پاکستان کی موجودہ قیادت پربھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے اور اس ضمن میں چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کا عظیم تحفہ چین کی قیادت کا پاکستان کی موجودہ لیڈرشپ پر اپنے بھرپور اعتماد اور پاکستانی عوام سے والہانہ محبت کے اظہار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پاکستان کی سیاسی جماعتیں کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ سے بہت کچھ سیکھ سکتی ہیں کیونکہ کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کی باصلاحیت قیادت میں چین نے غیر معمولی ترقی کی منازل انتہائی تیزی سے طے کی ہیں۔ پاکستان کی حکومت اورعوام کو چین کی لازوال دوستی پر فخر ہے، دونوں ممالک کی دوستی باہمی احترام کے رشتوں میں بندھی ہوئی ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے رہنما و وزیر زینگ ژیائو سانگ نے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی بیجنگ میں آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ چین میں ٹیکنالوجی سمیت متعدد انڈسریز کو ترجیحی بنیادوں پر پاکستان منتقل کرنے کے بڑے منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں چین کے انجینئرز اور دیگر باشندوں کی سکیورٹی کیلئے بہترین انتظامات پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان چین کے علاقائی تعاون کے منصوبے کا اہم رکن ہے اور اس ضمن میں پاکستان کو غیرمعمولی اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ چین میں وزیراعلیٰ شہباز شریف کے عوامی خدمت کے وژن کو پسند کیا جاتا ہے۔ پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کو فروغ دینے میں شہباز شریف کا کردار قابل تعریف ہے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ چین کے پانچ روزہ دورے پر بیجنگ پہنچے تو ائیر پورٹ پر چین کے اعلیٰ حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دورے کا مقصد زندگی کے مختلف شعبوں میں چین اور پنجاب کے مابین تعاون کو مزید فروغ دینا ہے اور میں ترقیاتی تعاون کے پہیے کو مزید تیز کرنے چین آیا ہوں۔ وزیراعلیٰ پنجاب چین میں مقیم پاکستانی طلبہ و تاجروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے، سرمایہ کاروں، کاروباری شخصیات اور صنعت کاروں سے بھی ملیں گے- روانہ ہونے سے قبل گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات ہر آنے والے وقت میں مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں-
چین کی ترقی کا رازپالیسیوں میں تسلسل ہے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے :شہباز شریف
Jul 25, 2016