بائولنگ کے بعد بیٹنگ بھی نا کام پاکستان 198 پر آوٹ انگلینڈ کی برتری 489رنز 9وکٹیں باقی

لاہور(نمائندہ سپورٹس )پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے 589رنز کے جواب میں 198رنز بناکر آئوٹ ہوگئی ۔ انگلینڈ نے پاکستان کو فالو آن کرانے کی بجائے دوسری اننگز میں خود کھیلنے کا فیصلہ کیا ‘دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 98رنز بناکر مجموعی طور پر489رنز کی برتری حاصل کرلی۔اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں مشکلات سے دوچار پاکستانی ٹیم تیسرے دن میدان میں اتری تو گرین شرٹس 57 رنز چار وکٹ گنوا چکے تھے جبکہ مصباح الحق اور شان مسعود وکٹ پر موجود تھے۔انگلینڈ کو پانچویں وکٹ کیلئے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور جیمز اینڈرسن نے جو روٹ کی مدد سے 39 رنز بنانے والے شان مسعود کی اننگ کا خاتمہ کردیا۔سکور 71 تک ہی پہنچا تھا کہ بارش نے میچ میں مداخلت کر دی جس کے باعث میچ کو کچھ دیر کیلئے روک دیا گیا۔بارش کی مداخلت بھی پاکستانی ٹیم کی قسمت بدلنے کیلئے ناکافی ثابت ہوئی اور میچ دوبارہ شروع ہوا تو اسد شفیق چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔سرفراز احمد نے روایتی انداز میں تیزی سے کھیلنا شروع کیا اور ایک ایسے موقع پر جب ٹیم کو ان کی وکٹ کی اشد ضرورت تھی، وہ 18 گیندوں پر 26 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کو آٹھواں نقصان یاسر شاہ کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا جو ایک رن بنانے کے بعد کرس ووکس کی اننگز میں چوتھی وکٹ بن گئے ۔کپتان مصباح الحق بھی نصف سنچری مکمل کرتے ہی پویلین لوٹ گئے ۔ ان کو 52کے سکور پر معین علی نے کیچ آئوٹ کرادیا ۔ وہاب ریاض بھی معین علی کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں بائونڈر ی لائن پر کیچ تھما بیٹھے ۔انہوں نے 39رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد عامر 9رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے ۔ پاکستان کی پوری ٹیم 198رنز بناکر پویلین لوٹ گئی ۔ کرس ووکس نے چار‘معین علی اور بین سٹوکس نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔اینڈرسن اور براڈ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی ۔ انگلینڈ نے دوسری اننگز میںایک وکٹ کے نقصان پر98رنز بناکر مجموعی طور پر 489رنز کی برتری حاصل کرلی جبکہ 9 وکٹیں باقی ہیں ۔انگلش اوپنر الیکس ہیلز 24رنز بناکر محمد عامر کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے ۔ کپتان الیسٹرکک 49اور جوئے روٹ22رنز بناکر کھیل رہے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی بارش کا امکان ہے ۔

ای پیپر دی نیشن