اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں برازیل کے سفیر کلاڈیو لینز نے کہا ہے کہ برازیل اولمپک کھیلوں کی میزبانی کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔ زیکا وائرس کے پھیلنے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ’’وقت نیوز‘‘ کے پروگرام ایمبیسی روڈ میں انٹرویو دیتے ہوئے برازیل کے سفیر نے مغربی میڈیا کے اس تاثر کو بے بنیاد قرار دیا کہ برازیل ابھی اولمپک کھیل منعقد کرانے کے لئے تیار نہیں۔ ہم مکمل طور پر تیار ہیں۔ زیکا وائرس کے پھیلنے کے کوئی امکانات نہیں۔ اس سوال پر برازیل میں جو سیاسی اور اقتصادی بحران حال ہی میں دیکھنے میں آیا ہے اسی کے وجہ سے کیا اولمپک کھیل متاثر ہو سکتے ہیں تو کلاڈیو لینز نے کہا کہ برازیل میں سیاسی استحکام آ گیا ہے۔ سابق صدر کے مواخذے کے بعد نئی حکومت کام کر رہی ہے۔ کوئی عدم استحکام نہیں۔ دنیا میں جہاں بھی اولمپک کھیل منعقد ہونے ہیں وہاں تیاریاں آخری وقت تک جاری رہتی ہیں۔ کھیلوں کی تیاری کیلئے اولمپک کمیٹی کام کرتی ہے جس میں دنیا بھر کے نمائندے شامل ہوتے ہیں۔ پاکستان کے کھلاڑیوں کی اولمپک کھیلوں میں شرکت کے حوالے سے پاکستان کا ایک نوے رکنی کھلاڑیوں کا وفد برازیل جا رہا ہے۔ اگر پاکستانی شائقین اولمپک کھیل دیکھنے کے لئے جانا چاہتے ہیں تو انہیں ترجیحی بنیادوں پر ویزے جاری کئے جائیں گے۔ پاکستان کھیلوں کا انتہائی معیاری سامان تیار کر رہا ہے۔ اس سامان کے برازیل سمیت تمام ملکوں میں برآمد کے وسیع امکانات ہیں۔