کراچی(نیوز رپورٹر) جماعة الدعوة کراچی کے مسﺅل مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر اور اسرائیل فلسطین میں نہتے مسلمانوں کے خلاف مہلک ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔ قبلہ اوّل بیت المقدس اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں کو غاصب اسرائیل سے آزادی دلوانا پوری مسلم امہ پر فرض ہے۔ مسلم حکمران فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کے خاتمہ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔ مسجد اقصیٰ میں سیکورٹی کے نام پر اسرائیلی اقدامات مسجد کے انتظامی امور میں مداخلت اور صہیونیوں کے اثرورسوخ کو بڑھانے کی کوشش ہے۔ اس مسئلے کو او آئی سی اور سلامتی کونسل سمیت ہر فورم پر اٹھایا جائے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سلامتی کونسل اور ایمنسٹی انٹرنیشنل جیسی حقوق انسانی کی تنظیمیں کشمیری و فلسطینی مسلمانوں پر بدترین ظلم و ستم پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ فلسطینی مسلمان ہمارے بھائی ہیں۔ اسرائیلی جارحیت صرف فلسطین تک محدود نہیں، اس کے انسٹرکٹرز کشمیر میں بھی بھارتی فوج کو تحریک آزادی کشمیر کچلنے کی تربیت دے رہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمان اتحادویکجہتی کا راستہ اختیارکریں۔ اگر آج بھی مسلم امہ نے اپنی ذمے داری کا احساس نہ کیا تو صرف فلسطین ہی نہیں تمام مسلمان ممالک ایک ایک کر کے اسلام دشمن طاقتوں کا ہدف بنتے چلے جائیں گے۔ مزمل اقبال ہاشمی نے مزید کہا کہ بھارت کشمیر میں جاری مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے کنٹرول لائن پر آئے دن فائرنگ کر رہا ہے۔ جب سے ہزاروں مسلمانوں کا قاتل مودی اقتدار میں ہے، بھارت نے کشمیریوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ اسے پینٹاگون اور تل ابیب کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ حکومت پاکستان کسی قسم کے بیرونی دباﺅ کا شکار نہ ہو۔ ملکی و قومی سلامتی کے تقاضو ں کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں ترتیب دی جائیں۔ قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ گلی گلی شہر شہر کشمیر کی تحریک جاری رکھیں گے۔
”بھارت کشمیر اور اسرائیل فلسطین کے خلاف مہلک ہتھیار استعمال کر رہا ہے“
Jul 25, 2017