لاہور دھماکے میں ”را“ ملوث دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم متحد ہے : سیاسی رہنما

Jul 25, 2017

لاہور (خصوصی نامہ نگار + خصوصی رپورٹر + کامرس رپورٹر + ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) ملک کی سیاسی اور مذہبی قیادت نے صوبائی دارالحکومت میں ارفع کریم ٹاور کے سامنے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے خود کش دھماکے کے باعث لاہور سے ذمہ داران کو اپنی سیاسی سرگرمیاں معطل کرنے کی ہدایت کر دی ہے، اپنے ٹوئیٹ میں لاہور کے پارٹی رہنماﺅں اور ورکرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی سیاسی سرگرمیاں معطل کرکے شہدا کے خاندنواں اور زخمیوں سے رابطہ کرکے اظہار ہمدردی کے علاوہ اور جو ممکن ہو ان کی مدد کو یقینی بنائیں۔ سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمینٹیرینز کے صدر آصف زرداری نے لاہور میں بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کی نرسریوں کے خاتمے کے ساتھ ساتھ منصوبہ سازوں کو بھی کچل دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم انسانوں کے قاتل وحشی درندے ہیں۔ ان کے جرائم ناقابل معافی ہیں۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنوں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ زخمیوں کی زندگی بچانے کے لئے خون کے عطیات دئیے جائیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اس سوچ کو شکست دینا ہوگی جو سوچ شدت پسندی کو جنم دے رہی ہے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی خورشید شاہ نے دھماکے میں جانی نقصان پر انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخری دہشت گرد کو انجام تک پہنچائے بغیر معاشرے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ اپنے ایک بیان قائد حزب اختلاف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں ایک بار پھر بدامنی پھیلانے کی کو ششیں کی جارہی ہیں۔ سینٹ کے ڈپٹی چیئرمین اور جے یو آئی مرکزی ناظم عمومی مولانا عبدالغفور حیدری، جے یو آئی کے قائم مقام سیکر ٹری جنرل مولانا امجد خان نے کہاکہ اس واقعہ سے ہر پاکستانی کادل زخمی ہے انہوںنے کہاکہ حکومت ان واقعات میں بیرونی ہاتھ کو خارج از امکان قرار نہ دے۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے لاہور واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی انسانیت کے خلاف بڑا جرم ہے ۔دہشت گرد انسانیت دشمنی کی تمام حدیں عبور کر چکے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے کارکنان کو ریلیف اور ریسکیو کے کاموں میں حصہ لینے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کارکنان سے کہا کہ وہ بم دھماکے میں زخمی ہونیوالوں کو خون کے عطیات دیں۔ڈاکٹر طاہر القادری نے مزید کہا کہ عوام دہشتگردوں کے رحم وکرم پر ہیں ۔دہشتگردی کے فتنے کا ذمے دار موجودہ فرسودہ نظام اور حکمران ہیں۔ سفاک دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، ان سے سختی سے نمٹنا ہو گا۔ دیں اثناءچیئرمین منہاج القرآن سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین،ڈاکٹر حسین محی الدین،سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی،جی ایم ملک،بشارت جسپال،فیاض وڑائچ،عارف چودھری،چودھری افضل گجر، حافظ غلام فرید، امجد شاہ ودیگر رہنماﺅںنے بھی دھماکے کی مذمت کی ہے۔ جماعةالدعوة سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحماhن مکی نے دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی”را“پاکستان کے اندرونی حالات سے فائدہ اٹھا کر تخریب کاری ودہشت گردی کی آگ بھڑکا رہی ہے۔ کنٹرول لائن پر بار بار فائرنگ اور بم دھماکوںمیں بے گناہوں کا خون بہانا وطن عزیز پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشوں کا حصہ ہے۔ ا میر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر ناظم اعلی ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے اپنے بیان میں بے گناہ افراد کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ دہشت گردی کی لعنت سے مکمل چھٹکارا پانے میں وقت لگے گا۔ غیر ملکی ہاتھ بدامنی پھیلا نے میں ملوث ہیں۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق اوسیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود، جماعت اہلحدیث کے سربراہ مولانا عبدالغفار روپڑی نے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور جاںبحق ہونے والوں کے لیے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے واقعہ میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں سمیت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے گورنر نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے پوری قوم متحد ہے انہوں نے کہا کہ شہداءکی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور دہشت گردی جیسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین اور سابق صدر پاکستان سید پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد نے کہا ہے کہ سکیورٹی اداروں کو نشانہ بنایا جانا حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہے ملک میں دہشتگردوں کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کا فوری تدارک ہی اس مسئلے کا حل ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سیاسی معاملات کے ساتھ ساتھ سکیورٹی معاملات پر بھی کڑی نظر رکھنی چاہئے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشتگردی کے واقعہ کو قابل مذمت قرار دیا ہے اپنے بیان میں حمزہ شہباز نے کہا کہ وطن عزیز کے خلاف دہشتگردی کی بزدلانہ کارروائیوں کا قلع قمع کیا جا رہا ہے اور ایک بار پھر اس گھنا¶نی حرکت سے معصوم شہریوں کی جانوں سے کھیلا گیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت نے لاہور بم دھماکہ میں پولیس اہلکاروں اور معصوم شہریوں کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے ایک بیان میں شہداءکے ورثاءکیلئے صبر جمیل اور زخمیوں کی فوری اور مکمل صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سوگوار اور متاثرہ خاندانوں کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔
دھماکہ/ردعمل

مزیدخبریں